پیٹرول ریلیف اسکیم میں رجسٹرڈ افراد کے لیے بڑی خوشخبری

پیٹرول ریلیف اسکیم میں رجسٹرڈ افراد کے لیے بڑی خوشخبری

وزیراعظم شہباز شریف نے پرائم منسٹر فیول ریلیف پروگرام کے تحت رجسٹرڈ مستحق شہریوں کو سبسڈی اور سہولت فراہم نہ کرنے والے پیٹرول پمپس کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت کرتے ہوئے ان کے لائسنس معطل یا منسوخ کرنے کا حکم دے دیا۔

وزیراعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت پرائم منسٹر فیول ریلیف پروگرام کا اہم جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں اسکیم کی پیشرفت، شفافیت اور مستحق شہریوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس کے دوران وزیراعظم نے پروگرام کی پیشرفت اور شفافیت پر مکمل اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے واضح کیا کہ رجسٹرڈ مستحقین کو فیول ریلیف اور سبسڈی کی فراہمی میں کسی قسم کی رکاوٹ برداشت نہیں کی جائے گی۔

وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ جو پیٹرول پمپس رجسٹرڈ مستحق شہریوں کو مقررہ سہولیات فراہم نہیں کریں گے، ان کے لائسنس فوری طور پر معطل یا منسوخ کیے جائیں۔

یہ بھی پڑھیں: فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے چینی کمیونسٹ پارٹی کے وزیر ’لیوہائی شنگ‘کی ملاقات، خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال

شہباز شریف نے کہا کہ رجسٹریشن اور سبسڈی کے آسان طریقہ کار سے عوام کو براہِ راست فائدہ پہنچا ہے۔ انہوں نے ٹیکنالوجی پر مبنی اس شفاف اسکیم کو مستقبل میں عوامی فلاح کے لیے گیم چینجر قرار دیا۔

اجلاس میں حکام نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ فیول ریلیف اسکیم کے تحت اب تک ایک کروڑ 55 لاکھ 19 ہزار 282 شہری رجسٹرڈ ہو چکے ہیں، جن میں ایک کروڑ 50 لاکھ سے زائد موٹر سائیکل مالکان اور چار لاکھ 49 ہزار 800 سی سی گاڑیوں کے مالکان شامل ہیں۔

حکام کے مطابق اسکیم کے تحت جاری کردہ 6 کروڑ 31 لاکھ سے زائد ٹوکنز میں سے 5 کروڑ 94 لاکھ سے زائد ٹوکنز استعمال کیے جا چکے ہیں، جبکہ 4 نومبر 2026 تک فیول سبسڈی کی مد میں مجموعی طور پر 28 ارب 60 کروڑ روپے کی ادائیگیاں کی جا چکی ہیں۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ صارفین اور پیٹرول پمپ مالکان کی رہنمائی، معلومات کی فراہمی اور شکایات کے فوری ازالے کے لیے الگ الگ کال سینٹرز قائم کر دیے گئے ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف نے فیول ریلیف پروگرام کی نگرانی کے لیے مانیٹرنگ ڈیش بورڈ کی بروقت تیاری پر وفاقی وزیر شزا فاطمہ اور سیکریٹری آئی ٹی کی کارکردگی کو خصوصی طور پر سراہا۔

اجلاس میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، عطا اللہ تارڑ، علی پرویز ملک اور دیگر اعلیٰ سرکاری حکام نے شرکت کی۔

Related Articles