بنگلادیش میں پاکستان کے ہائی کمشنر عمران حیدر نے ڈھاکا میں منعقدہ فیشن نمائش ’دی فیسٹیو ڈھاکا ایڈٹ‘ کا دورہ کیا اور پاکستانی و بنگلادیشی ڈیزائنرز سے ملاقات کرکے ان کے فن اور دستکاری کو سراہا۔
پاکستانی ہائی کمیشن ڈھاکا کے مطابق فیشن نمائش کا انعقاد ایس ایس ایڈٹ اور اورا ایگزیبٹ کے اشتراک سے ویسٹن ڈھاکا میں کیا گیا، جو 7 نومبر کو شام 7 بجے تک جاری رہی۔
نمائش کے دورے کے دوران پاکستانی ہائی کمشنر عمران حیدر نے پاکستان اور بنگلادیش کے معروف ڈیزائنرز سے ملاقات کی اور ان کی تخلیقی صلاحیتوں، فنی مہارت اور نفیس دستکاری کی تعریف کی۔
اس موقع پر عمران حیدر نے نمائش میں شریک تمام افراد کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور دونوں ممالک کے درمیان مشترکہ تجارتی و ثقافتی سرگرمیوں کی اہمیت کو اجاگر کیا۔
پاکستانی ہائی کمشنر نے امید ظاہر کی کہ اس نوعیت کے مشترکہ اقدامات پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان کاروباری روابط کو مزید مضبوط بنانے کے ساتھ ساتھ عوامی سطح پر تعلقات کے فروغ میں بھی معاون ثابت ہوں گے۔
