بنگلہ دیشی کرکٹر مشفیق الرحیم نے ٹیسٹ کرکٹ میں اہم اعزاز حاصل کرلیا

بنگلہ دیشی کرکٹر مشفیق الرحیم نے ٹیسٹ کرکٹ میں اہم اعزاز حاصل کرلیا

بنگلادیش کے تجربہ کار اور سینیئر بیٹر مشفق الرحیم نے ٹیسٹ کرکٹ میں ایک اور سنہری باب رقم کر دیا ہے۔ 

ویسٹ انڈیز کے خلاف جاری سلہٹ ٹیسٹ میں 7 ہزار ٹیسٹ رنز کا سنگ میل عبور کر کے وہ بنگلادیش کے پہلے بلے باز بن گئے ہیں جنھوں نے یہ عظیم الشان اعزاز اپنے نام کیا۔

ویسٹ انڈیز کے خلاف جاری سلہٹ ٹیسٹ کے آخری روز کھانے کے وقفے کے بعد روسٹن چیز کی گیند پر سنگل لے کر انھوں نے 7 ہزار ٹیسٹ رنز مکمل کیے ، وہ اس تاریخی لمحے سے مکمل طور پر بے خبر رہے، تاہم جب ڈریسنگ روم میں موجود ساتھی کھلاڑیوں نے کھڑے ہو کر داد دی تو انھیں اس عظیم کارنامے کا اندازہ ہوا۔

مشفق الرحیم اس سے قبل 2022 میں 5 ہزار اور 2024 میں 6 ہزار ٹیسٹ رنز بنانے والے پہلے بنگلادیشی بلے باز کا اعزاز بھی اپنے نام کر چکے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: پاک بھارت میچ کا جنون عروج پر، ورلڈ کپ ٹکٹس کیلئے 84 لاکھ درخواستیں موصول، سابقہ ریکارڈ ٹوٹ گئے

ان کا یہ ریکارڈ اس لیے بھی حیران کن ہے کہ انھوں نے 6 ہزار سے 7 ہزار رنز تک پہنچنے کا سفر محض 25 اننگز میں طے کیا ، بنگلادیش کی جانب سے سب سے زیادہ 14 ٹیسٹ سنچریاں بنانے کا ریکارڈ بھی انہی کے پاس ہے۔

 ان کا انفرادی بہترین اسکور 219 ناٹ آؤٹ ہے، جبکہ جاری سلہٹ ٹیسٹ میں ہی توحید ہردوئے نے 242 رنز کی ریکارڈ ساز اننگز کھیل کر بنگلادیش کی جانب سے سب سے بڑی انفرادی اننگز کا نیا ریکارڈ قائم کیا ہے۔

  2005 میں اپنے بین الاقوامی کیریئر کا آغاز کرنے والے مشفق الرحیم اب بنگلادیش کی طرف سے سب سے زیادہ (107) ٹیسٹ میچز کھیلنے والے کرکٹر ہیں ، محدود اوورز  کی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے بعد وہ اب اپنی تمام تر توجہ ٹیسٹ فارمیٹ پر مرکوز کیے ہوئے ہیں۔

editor

Related Articles