نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) لاہور زون نے خاتون کو نجی تصاویر اور ویڈیوز کے ذریعے ہراساں اور بلیک میل کرکے 30 لاکھ روپے وصول کرنے والے دو ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے چار موبائل فون برآمد کیے گئے، جن میں قابل اعتراض ویڈیوز، واٹس ایپ گفتگو، دھمکی آمیز پیغامات اور دیگر اہم ڈیجیٹل شواہد موجود ہیں۔
شکایت کنندہ نے این سی سی آئی اے کو بتایا کہ ملزم حسنات عمران نے دھوکے سے اس کی بہن کی نجی تصاویر اور ویڈیوز حاصل کیں اور بعد ازاں انہیں سوشل میڈیا پر جاری کرنے اور اہل خانہ و دوستوں تک پہنچانے کی دھمکیاں دے کر بلیک میل کرنا شروع کر دیا۔
ملزم نے نجی مواد وائرل نہ کرنے کے عوض رقم کا مطالبہ کیا، جس پر متاثرہ خاتون کے اہل خانہ نے خوف اور دباؤ کے باعث مختلف اوقات میں جاز کیش، ایزی پیسہ اور بینک ٹرانسفر کے ذریعے مجموعی طور پر 30 لاکھ روپے ادا کیے ، رقم وصول کرنے کے باوجود ملزم کی جانب سے مزید رقم کا مطالبہ اور دھمکیاں جاری رہیں۔
شکایت کے مطابق مرکزی ملزم نے مزید رقم وصول کرنے کے لیے شکایت کنندہ کو ٹھوکر نیاز بیگ لاہور بلایا، جس پر معاملہ ایڈیشنل ڈائریکٹر این سی سی آئی اے لاہور زون عاطف امیر کے نوٹس میں لایا گیا۔
انہوں نے فوری کارروائی کے لیے ٹیم تشکیل دی، جس نے چھاپہ مار کر مرکزی ملزم حسنات عمران اور اس کے ساتھی عدیل ریاض کو گرفتار کر لیا، ابتدائی تفتیش کے دوران مرکزی ملزم نے خاتون کی نجی ویڈیوز حاصل کرنے اور انہیں بلیک میل کرکے رقم وصول کرنے میں ملوث ہونے کا اعتراف کیا۔
اس حوالے سے ایڈیشنل ڈائریکٹر این سی سی آئی اے لاہور زون عاطف امیر نے کہا ہے کہ خواتین ہماری ریڈ لائن ہیں، انہیں بلیک میل اور ہراساں کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں، ایسے عناصر کے خلاف سخت کارروائی کرتے ہوئے انہیں قانون کے مطابق قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی ،
عاطف امیر نے مزید کہا کہ خواتین کو ہراساں کرنے اور ان کی نجی زندگی کو نقصان پہنچانے والے عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت کارروائیاں جاری رہیں گی اور کسی کو بھی قانون سے بالاتر نہیں سمجھا جائے گا۔