نئی آٹو پالیسی کے تحت فیڈرل ایکسائز اور کسٹم ڈیوٹی میں کمی سے پیٹرول والی گاڑیاں 10 لاکھ روپے تک سستی ہونے کا امکان ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی خصوصی ہدایت پر حکومت نے نئی آٹو پالیسی کے تحت گاڑیاں سستی کرنے کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔
دستاویز میں بتایا گیا کہ فیڈرل ایکسائز اور کسٹم ڈیوٹی میں کمی سے پٹرول گاڑیاں 10 لاکھ روپے تک سستی ہوسکیں گی، اسی طرح مقامی طور پر تیار کردہ 658 سی سی تک کی گاڑی کی قیمت میں 3 لاکھ 75 ہزار روپے کی کمی کی جائے گی، جس کے بعد اس کی قیمت 32.2 لاکھ روپے سے کم ہو کر 28.45 لاکھ روپے ہو جائے گی۔
دستاویز کے مطابق 998 سی سی تک کی پٹرول گاڑی کی قیمت میں 4 لاکھ 40 ہزار روپے کی کمی کی جائے گی جس سے گاڑی کی نئی قیمت 42.7 لاکھ کے بجائے 38.3 لاکھ روپے ہو جائے گی۔
دستاویز میں کہا گیا ہے کہ 1496 سی سی تک کی پٹرول ایس یو وی گاڑی 7 لاکھ 40 ہزار روپے تک سستی ہو گی جس سے اس کی قیمت 60.6 لاکھ روپے سے کم ہو کر 53.2 لاکھ روپے پر آ جائے گی۔
اسی طرح 1498 سی سی پٹرول ایس یو وی کی قیمت میں 2 لاکھ 80 ہزار روپے کی کمی تجویز کی گئی ہے، جس کے بعد قیمت 94.4 لاکھ روپے سے کم ہو کر 91.6 لاکھ روپے ہو جائے گی۔
اس کے علاوہ 1598 سی سی تک کی پٹرول جیپ کی قیمت میں 10 لاکھ روپے (1 ملین روپے) کی بڑی کمی کی جائے گی، جس کے بعد اس کی قیمت 12.1 ملین (1 کروڑ 21 لاکھ) روپے سے کم ہو کر 11.1 ملین (1 کروڑ 11 لاکھ) روپے ہو جائے گی۔