تعلیمی اداروں قبل از وقت موسم سرما کی تعطیلات کی خبروں کی حقیقت سامنے آگئی

تعلیمی اداروں قبل از وقت موسم سرما کی تعطیلات  کی خبروں  کی حقیقت سامنے آگئی

پنجاب کے مختلف شہروں میں فضائی آلودگی اور اسموگ کی بڑھتی ہوئی شدت کے پیش نظر تعلیمی اداروں کی بندش اور موسم سرما کی قبل از وقت تعطیلات سے متعلق سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی خبروں کی حقیقت سامنے آگئی۔

تفصیلات کے مطابق پنجاب میں اسموگ کی صورتحال کے باعث اسکولوں میں قبل از وقت تعطیلات کی افواہیں زیرِ گردش ہیں، تاہم صوبائی حکومت کی جانب سے تعلیمی اداروں کی بندش یا موسم سرما کی تعطیلات کے حوالے سے تاحال کوئی باضابطہ نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا گیا۔

سوشل میڈیا پر شہریوں کی جانب سے فضائی آلودگی کی تشویشناک صورتحال کے پیش نظر اسکول بند کرنے کے مطالبات بھی سامنے آرہے ہیں۔ ماضی میں لاہور اور ملتان سمیت مختلف شہروں میں خطرناک حد تک بڑھنے والی آلودگی کے باعث تعلیمی اداروں میں تعطیلات دی جاتی رہی ہیں، تاہم موجودہ صورتحال میں پنجاب حکومت نے آئندہ دنوں کے دوران اسموگ کے باعث تعطیلات کا کوئی اعلان یا اشارہ نہیں دیا۔

یہ بھی پڑھیں: سرکاری ملازمین اور طلبا کے لئے خوشخبری، ایک ساتھ تین چھٹیاں

دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر صوبے بھر میں فضائی آلودگی پر قابو پانے کے لیے جامع مہم جاری ہے۔ اس سلسلے میں شہری شاہراہوں پر گردوغبار اور آلودگی کی روک تھام کے لیے ہزاروں کلومیٹر پر محیط سڑکوں پر اینٹی اسموگ گنز اور واٹر مسٹ اسپرے کرنے والی گاڑیاں تعینات کی گئی ہیں۔

ان اقدامات کے نتیجے میں لاہور کے ایئر کوالٹی انڈیکس میں گزشتہ ادوار کے مقابلے میں کسی حد تک بہتری ریکارڈ کی گئی ہے، تاہم پنجاب کے مختلف شہروں میں فضائی آلودگی کی صورتحال بدستور تشویشناک ہے۔

فضائی آلودگی کی تازہ درجہ بندی کے مطابق ملتان 437 ایئر کوالٹی انڈیکس کے ساتھ ملک کا سب سے زیادہ آلودہ شہر رہا، جہاں ہوا کا معیار خطرناک درجے میں ریکارڈ کیا گیا۔ ملتان کے بعد لاہور کے قریب واقع رائے ونڈ آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں دوسرے نمبر پر رہا۔

پاکستان رئیل ٹائم ایئر کوالٹی انڈیکس کی درجہ بندی کے مطابق لاہور آٹھویں جبکہ پشاور دسویں نمبر پر موجود ہے۔

واضح رہے کہ پنجاب میں تعلیمی اداروں کی بندش اور قبل از وقت موسم سرما کی تعطیلات سے متعلق سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی خبروں کے باوجود صوبائی حکومت کی جانب سے تاحال کسی قسم کی تعطیلات کا باضابطہ اعلان نہیں کیا گیا۔

Related Articles