امان اللہ مفت میں گھر کیوں دے گا؟ مزمل سہروردی نے فضل الرحمان اور ان کے فرنٹ مین کا کچا چٹھا کھول دیا

امان اللہ مفت میں گھر کیوں دے گا؟ مزمل سہروردی نے فضل الرحمان اور ان کے فرنٹ مین کا کچا چٹھا کھول دیا

سینئر صحافی اور معروف تجزیہ کار مزمل سہروردی نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان اور ان کے قریبی ساتھی امان اللہ سے متعلق جائیدادوں اور مالی معاملات پر گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ دستیاب ریکارڈ کے مطابق امان اللہ متعدد کاروباری اداروں اور کمپنیوں سے وابستہ ہیں، اس لیے انہیں محض بے نامی دار قرار دینا درست نہیں ہوگا۔

 ان کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ کی خریداری اور امان اللہ کی جانب سے اسے تحفے میں دیے جانے کا معاملہ الگ قانونی سوالات پیدا کرتا ہے،اپنے تجزیے میں مزمل سہروردی نے کہا کہ بعض جائیدادوں کی قیمت مبینہ طور پر کم ظاہر کرکے ٹیکس کی ادائیگی سے بچنے کا معاملہ سامنے آیا ہے، تاہم ان کے بقول اس معاملے کی ذمہ داری فی الحال امان اللہ پر عائد ہوتی ہے، مولانا فضل الرحمان پر نہیں۔

 اگر امان اللہ دوران تحقیقات یہ بیان دیتے ہیں کہ جائیداد درحقیقت مولانا فضل الرحمان کی ہے اور وہ صرف بے نامی دار ہیں تو پھر معاملے کی نوعیت تبدیل ہو سکتی ہے اور مولانا فضل الرحمان کے خلاف بھی سوالات اٹھ سکتے ہیں۔

مزمل سہروردی کا کہنا تھا کہ زیر بحث جائیداد 1966 سے مختلف مالکان کے ہاتھوں منتقل ہوتی ہوئی 2019 میں امان اللہ کے نام آئی ان کے مطابق دستیاب ریکارڈ میں امان اللہ کی کاروباری سرگرمیاں صرف ایک جائیداد تک محدود نہیں بلکہ وہ متعدد کمپنیوں اور کاروباری اداروں سے بھی وابستہ ہیں۔

انہوں نے جن کاروباری اداروں کے نام لیے ان میں معون حیات، ہوٹلز اینڈ ریزورٹس، اے ایس کیو انٹرپرائزز، اچکزئی پراپرٹیز، اچکزئی رئیل اسٹیٹ، الواعدق اور ایم اعظم یونس اینڈ ایسوسی ایٹس شامل ہیں۔ مزمل سہروردی کے مطابق ان کاروباری اداروں میں امان اللہ کی ملکیت یا شراکت داری کا ذکر موجود ہے، جس کی بنیاد پر ان کے خیال میں انہیں محض بے نامی دار قرار دینا درست نہیں۔

معروف تجزیہ کار نے کہا کہ اگر امان اللہ کے اتنے کاروبار اور مالی وسائل موجود ہیں تو ان کے لیے اسلام آباد میں گھر خریدنا بھی ممکن ہے۔ تاہم انہوں نے سوال اٹھایا کہ اگر امان اللہ نے اپنا خریدا ہوا گھر مولانا فضل الرحمان کو تحفے میں دیا ہے تو اس لین دین کی قانونی حیثیت کیا ہے؟

 انہوں نے واضح کیا کہ امان اللہ کی جانب سے گھر تحفے میں دینے اور مولانا فضل الرحمان کی جانب سے ان کے کاروباری معاملات کو کسی قسم کا تحفظ فراہم کرنے کے سوالات الگ الگ تحقیقات کے متقاضی ہیں۔

مزمل سہروردی نے سیاست دانوں کی جانب سے کاروباری شخصیات سے تحائف، عطیات اور مالی فوائد حاصل کرنے کے رجحان پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کاروباری افراد جب سیاست دانوں کو تحائف یا مالی معاونت فراہم کرتے ہیں تو اس کے بدلے اپنے کام نکلوانے کی توقع بھی رکھتے ہیں ان کے بقول یہ معاملہ محض تحفے تک محدود نہیں رہتا بلکہ اس کے پیچھے باہمی مفادات کا تعلق بھی ہو سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایک طرف امان اللہ کے نام پر مختلف کاروباری سرگرمیوں اور جائیدادوں کا ریکارڈ سامنے آنے کی بات کی جا رہی ہے، جبکہ دوسری طرف مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ کے حوالے سے بھی امان اللہ کا تعلق زیر بحث ہے، ان کے مطابق ان دونوں معاملات کو الگ الگ دیکھنے کے بجائے ان کے باہمی تعلق اور مالی لین دین کا جائزہ لینا ضروری ہے۔

مزمل سہروردی نے اپنے تجزیے میں یہ دعویٰ بھی کیا کہ امان اللہ کے خلاف حوالہ ہنڈی، منی لانڈرنگ، رقوم چھپانے اور مشتبہ مالی لین دین سے متعلق ایف آئی اے میں انکوائری شروع ہونے کی اطلاعات ہیں۔

 انہوں نے امان اللہ کو مخاطب کرتے ہوئے پنجابی محاورے کے ذریعے کہا کہ جنہوں نے گاجریں کھائی ہیں، ان کے پیٹ میں درد بھی ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر امان اللہ کے مولانا فضل الرحمان کے ساتھ مالی یا کاروباری مفادات وابستہ ہیں تو انہیں بھی ان معاملات کا جواب دینا پڑے گا۔

سینئر صحافی نے مزید دعویٰ کیا کہ 3 نومبر 2026 کو امان اللہ کا نام نو فلائی لسٹ میں شامل کیا گیا، جس کے بعد ان کے بیرون ملک سفر پر پابندی عائد ہوگئی، ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں مختلف سیاسی شخصیات اور ان سے وابستہ افراد کے بیرون ملک چلے جانے کے واقعات سامنے آتے رہے ہیں، جس کے باعث متعلقہ ادارے اب ایسے افراد کے ملک چھوڑنے سے پہلے اقدامات کر رہے ہیں۔

انہوں نے سابق وزیراعظم عمران خان کے دور حکومت سے وابستہ بعض شخصیات کی مثالیں دیتے ہوئے زلفی بخاری، شہزاد اکبر، فرح گوگی، معید پیرزادہ اور شہباز گل کے بیرون ملک جانے کا ذکر کیا۔ 
مزمل سہروردی کے مطابق مالی معاملات میں نام آنے والے افراد کے ملک سے باہر چلے جانے کے خدشات کے پیش نظر امان اللہ کا نام نو فلائی لسٹ میں شامل کیے جانے کی اطلاعات اہمیت رکھتی ہیں۔

ایف آئی اے کی کارروائی سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے مزمل سہروردی نے دعویٰ کیا کہ امان اللہ کو 2 اور 6 نومبر کو ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کے لیے طلب کیا گیا تھا، تاہم وہ مقررہ تاریخوں پر ادارے کے سامنے پیش نہیں ہوئے۔

ان کے مطابق اب یہ سوال بھی اہم ہے کہ مولانا فضل الرحمان کی جانب سے معاملات پر جواب نہ دینے کا جو مؤقف سامنے آیا ہے، کیا اس کا اطلاق صرف مولانا اور ان کے خاندان پر ہوتا ہے یا امان اللہ کو بھی جواب دینے سے روک دیا گیا ہے؟

مزمل سہروردی نے کہا کہ اگر امان اللہ ایف آئی اے کے سامنے پیش ہو کر اپنا مؤقف واضح نہیں کرتے تو ان کے لیے قانونی مشکلات بڑھ سکتی ہیں ان کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان کی گرفتاری جیسے معاملے پر فیصلہ کرنا ایک الگ اور بڑا معاملہ ہو سکتا ہے، تاہم امان اللہ کے مالی معاملات، جائیدادوں اور مبینہ لین دین سے متعلق سوالات کے جوابات متعلقہ اداروں کو ملنے چاہییں۔انہوں نے زور دیا کہ امان اللہ کو اپنے کاروبار، جائیدادوں، مالی لین دین اور مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ سے متعلق معاملات پر اپنا مؤقف واضح کرنا ہوگا۔

editor

Related Articles