وفاقی حکومت نے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں کی برآمدات بڑھانے اور انہیں آسان قرضوں کی فراہمی کے لیے اہم فیصلہ کرتے ہوئے 300 ارب روپے کی ایکسپورٹ فنانس اسکیم صرف ایس ایم ایز کے لیے مختص کر دی ہے۔
وزارتِ خزانہ کے مطابق وزیراعظم اور وفاقی وزیر خزانہ کی ہدایات پر ایکسپورٹ فنانس اسکیم کے تحت 300 ارب روپے کی رقم چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں کے لیے مختص کی گئی ہے، جبکہ زرعی شعبے سے وابستہ اہل ایس ایم ایز بھی اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔
وزارتِ خزانہ نے واضح کیا ہے کہ نئی پالیسی کے تحت اب صرف وہی کاروبار قرض حاصل کرنے کے اہل ہوں گے جو چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں کی مقررہ تعریف اور شرائط پر پورا اترتے ہوں گے۔
نئی پالیسی کے مطابق قرض حاصل کرنے والے نئے درخواست گزاروں کے لیے الگ کیٹیگری بھی ختم کر دی گئی ہے، جس کے بعد نئے قرض لینے والوں کو بھی ایس ایم ایز کے لیے مقرر کردہ شرائط پوری کرنا ہوں گی۔
وزارتِ خزانہ کے مطابق ایگزم بینک نے اسکیم میں شریک تمام کمرشل بینکوں کو نئی پالیسی پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔
حکومتی اقدام کا بنیادی مقصد چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں کو آسان قرضوں کی سہولت فراہم کرنا، ان کی برآمدی صلاحیت میں اضافہ کرنا اور برآمدات کے فروغ کے لیے مالی وسائل کی دستیابی یقینی بنانا ہے۔