ڈی جی آئی ایس پی آر نے لاہور کی تین بڑی جامعات کا دورہ کیا اور طلبہ و فیکلٹی ممبران کے ساتھ خصوصی نشستوں میں شرکت کی، جہاں علاقائی صورتِ حال، افغانستان اور امن کے قیام میں پاک فوج کے کردار سمیت مختلف اہم امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ترجمان پاک فوج نے یونیورسٹی آف لاہور، یونیورسٹی آف سینٹرل پنجاب اور کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کا دورہ کیا۔ اس موقع پر منعقدہ نشستوں میں طلبہ اور فیکلٹی ممبران نے کھل کر اپنے خیالات کا اظہار کیا اور مختلف موضوعات پر سوالات کیے، جن کے ڈی جی آئی ایس پی آر نے جامع اور مدلل جوابات دیے۔
ملاقاتوں کے دوران افغانستان سمیت خطے کی جغرافیائی و سیاسی صورتِ حال اور ملک میں امن کے قیام کے لیے پاک فوج کے کردار پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔
طلبہ نے ڈی جی آئی ایس پی آر کے جامعات کے دوروں اور نوجوانوں کے ساتھ براہِ راست مکالمے کے اقدام کو سراہتے ہوئے مستقبل میں بھی ایسے سیشنز کے انعقاد کی ضرورت پر زور دیا۔
اس موقع پر طلبہ نے معرکۂ حق میں کامیابی پر افواجِ پاکستان کو خراجِ تحسین پیش کیا، جبکہ پاک فوج کے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے درجات کی بلندی کے لیے دعا بھی کی۔
