اسلام آباد ٹریفک پولیس نے خواتین کی جانب سے غیر معمولی ردعمل کے بعد مفت اسکوٹی ٹریننگ پروگرام میں توسیع کا اعلان کردیا ہے، جس کے تحت اب خواتین نومبر کے دوسرے نصف میں بھی بغیر کسی فیس کے اسکوٹی چلانے کی تربیت حاصل کرسکیں گی۔
اسلام آباد ٹریفک پولیس کے مطابق خواتین کے لیے مفت اسکوٹی ٹریننگ پروگرام کو دو مرحلوں میں تقسیم کردیا گیا ہے۔ پہلے مرحلے کے تحت یکم سے 15 نومبر تک تربیت دی جارہی ہے، جبکہ دوسرے مرحلے میں 16 سے 30 نومبر تک خواتین کو اسکوٹی چلانے کی تربیت فراہم کی جائے گی۔
چیف ٹریفک آفیسر کائنات اظہر خان کے مطابق پہلے مرحلے میں جگہ نہ حاصل کرنے والی خواتین دوسرے مرحلے میں تربیت لے سکیں گی۔ پروگرام میں توسیع کا فیصلہ خواتین کی جانب سے ملنے والے بھرپور ردعمل کے پیش نظر کیا گیا ہے۔
کائنات اظہر خان کا کہنا ہے کہ اسلام آباد ٹریفک پولیس خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے ایسے اقدامات جاری رکھے گی اور مستقبل میں بھی خواتین کے لیے اس نوعیت کے تربیتی پروگرام متعارف کرائے جائیں گے۔
