صوبہ بہاولپور کا بننا نوشتہ دیوار ہے،نئے چھوٹے صوبوں اور مقامی حکومتوں کا قیام ہو کر رہے گا،محمد علی درانی

صوبہ بہاولپور کا بننا نوشتہ دیوار  ہے،نئے چھوٹے صوبوں اور مقامی حکومتوں کا قیام  ہو کر رہے گا،محمد علی درانی

سابق وفاقی وزیر اطلاعات محمد علی درانی نے ملک میں نئے اور چھوٹے صوبوں کے قیام کے لیے تحریک شروع کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اب انتظامی بنیادوں پر نئے صوبوں اور مؤثر مقامی حکومتوں کا قیام ناگزیر ہوچکا ہے۔ بہاولپور، جنوبی پنجاب اور ہزارہ کو الگ صوبے بنانے کے لیے تیاریاں مکمل ہیں اور یہ مطالبہ اب عملی شکل اختیار کرے گا۔

بہاولپور میں پریس کانفرنس  کرتے ہوئے محمد علی درانی نے کہا کہ پاکستان میں نئے چھوٹے صوبوں کے قیام کے حوالے سے مختلف اداروں اور نوجوان قیادت میں اتفاق رائے پایا جاتا ہے ملک کے انتظامی ڈھانچے کو بہتر بنانے اور عوام کو ان کی دہلیز پر سہولتیں فراہم کرنے کے لیے نئے صوبوں کے ساتھ مضبوط مقامی حکومتوں کا نظام بھی قائم کرنا ہوگا۔

محمد علی درانی نے سیاسی جماعتوں کے کردار پر بات کرتے ہوئے کہا کہ فارم 47 کے ذریعے اقتدار میں آنے والی سیاسی جماعتیں نئے صوبوں اور مقامی حکومتوں کے قیام کی مخالفت کر رہی ہیں، جبکہ فارم 45 والی جماعتیں اس مطالبے کی حمایت کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نئے صوبوں کا قیام محض ایک سیاسی نعرہ نہیں بلکہ ملک کے انتظامی اور معاشی مسائل کے حل سے جڑا ہوا معاملہ ہے۔

یہ بھی پڑھیں :نئے صوبے بنائیں، اختیارات عوام تک پہنچائیں؛ قومی مباحثے میں انتظامی ڈھانچے کی ازسرنو تشکیل پر زور، سیاسی جماعتیں متفق ہو گئیں

سابق وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ آج یوم اقبال کے موقع پر نئے صوبوں اور مقامی حکومتوں کے قیام کی باقاعدہ تحریک کا آغاز کیا جا رہا ہے۔ اس تحریک کا مقصد ملک میں انتظامی اختیارات کی تقسیم، عوامی مسائل کے مقامی سطح پر حل اور ترقی کے یکساں مواقع پیدا کرنے کے لیے آواز بلند کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اختیارات اور وسائل کو چند بڑے انتظامی مراکز تک محدود رکھنے کے بجائے انہیں چھوٹے صوبوں اور مقامی حکومتوں تک منتقل کرنے کی ضرورت ہے۔ نئے صوبے بننے سے انتظامی معاملات میں بہتری آئے گی، عوام کو سرکاری اداروں تک رسائی میں آسانی ہوگی اور ترقیاتی منصوبوں پر اخراجات میں بھی کمی لائی جاسکے گی۔

محمد علی درانی نے بالخصوص صوبہ بہاولپور کے قیام پر بات کرتے ہوئے کہا کہ بہاولپور کو الگ صوبے کا درجہ دینا وقت کی اہم ضرورت بن چکا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ صوبہ بہاولپور کا قیام اب نوشتہ دیوار ہے اور یہ صوبہ بن کر رہے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ جنوبی پنجاب اور ہزارہ کو بھی الگ صوبوں کا درجہ دینے کی ضرورت ہے تاکہ ان علاقوں کے عوام کو انتظامی، معاشی اور ترقیاتی معاملات میں براہ راست نمائندگی اور سہولتیں میسر آسکیں۔

محمد علی درانی نے واضح کیا کہ نئے صوبوں کی تحریک کے ساتھ مقامی حکومتوں کے قیام کا مطالبہ بھی آگے بڑھایا جائے گا، کیونکہ اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی کے بغیر عوامی مسائل کا مستقل حل ممکن نہیں۔

editor

Related Articles