پنجاب میں اسموگ کا راج ، لاہور سمیت کئی شہر زہریلی دھند کی لپیٹ میں آگئے

پنجاب میں اسموگ کا راج ، لاہور سمیت کئی شہر زہریلی دھند کی لپیٹ میں آگئے

پنجاب کا آسمان ان دنوں نیلگوں نہیں بلکہ زہریلی دھند کی ایک  سرمئی چادر میں لپٹا ہوا ہے، صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت پنجاب کے متعدد اضلاع اس وقت شدید فضائی آلودگی کی زد میں ہیں، جہاں ہر نئی صبح شہریوں کے لیے سانس کا ایک نیا امتحان بن کر طلوع ہو رہی ہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق فضائی آلودگی کے مانیٹرنگ ڈیٹا کے مطابق صبح 7 بجے لاہور کا اوسط ایئر کوالٹی انڈیکس (AQI) 337 ریکارڈ کیا گیا اگرچہ گزشتہ روز اسی وقت آلودگی کی شرح 472 تھی جس کا مطلب ہے کہ 24 گھنٹوں میں 135 پوائنٹس کی وقتی کمی آئی ہے لیکن اس کے باوجود شہر کی فضا تاحال انتہائی مضرِ صحت اور خطرناک زمرے میں شامل ہے۔

شہر کے متعدد مقامات پر فضائی معیار کی شرح انتہائی خطرناک حد تک جا پہنچی ہے، جن میں سی ای آر پی آفس کا مانیٹرنگ اسٹیشن 575 ایئر کوالٹی انڈیکس کے ساتھ سب سے آگے رہا۔

اس کے علاوہ ملتان روڈ پر آلودگی کی سطح 500، جی ٹی روڈ پر 446، برکی روڈ پیراگون میں 390، سفاری پارک میں 354، گلبرگ تھری میں 349، ایجرٹن روڈ پر 346 اور شاہدرہ میں 341 ریکارڈ کی گئی۔

دوسرے شہروں کی صورتحال

دوسری جانب، جنوبی اور وسطی پنجاب کے دیگر اضلاع کی صورتحال بھی تشویشناک ہوتی جارہی ہے جہاں  صوبے کے بیشتر اضلاع میں ایئر کوالٹی انڈیکس نے تمام محفوظ حدود کو عبور کر لیا ہے۔

 ملتان، اوکاڑہ، پاکپتن، راجن پور، ساہیوال اور وہاڑی میں فضائی آلودگی کی شرح 500 ریکارڈ کی گئی، جبکہ بہاولپور میں 700، ننکانہ صاحب میں 493، رحیم یار خان میں 464 اور فیصل آباد میں 463 کی بلند ترین سطح ریکارڈ کی گئی۔

یہ بھی پڑھیں :لاہور سمیت پنجاب بھر میں ٹریفک چالانز کا نیا نظام متعارف

اس ہنگامی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے طبی ماہرین نے شہریوں بالخصوص بچوں، بزرگوں، اور سانس یا دل کے امراض میں مبتلا افراد کو سخت احتیاط کی ہدایت کی ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ لوگ غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نکلنے سے مکمل گریز کریں اور باہر نکلنا ناگزیر ہونے کی صورت میں این 95 یا اعلیٰ معیار کا اینٹی اسموگ ماسک لازمی پہنیں،  اس کے ساتھ ساتھ گھروں کے دروازے اور کھڑکیاں بند رکھیں تاکہ زہریلی ہوا اندر داخل نہ ہو سکے، جبکہ جسم کو ہائیڈریٹ رکھنے کے لیے پانی کا زیادہ سے زیادہ استعمال کریں اور آنکھوں میں جلن کی صورت میں انہیں صاف پانی سے بار بار دھوئیں۔

editor

Related Articles