بوسنیا کے ایک ٹی وی چینل نے شاعرِ مشرق علامہ محمد اقبال کو منفرد انداز میں خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔ خصوصی دستاویزی فلم کے ذریعے مفکرِ پاکستان کی زندگی، فلسفے اور آفاقی پیغام کو اجاگر کیا گیا جس نے ان کی فکری عظمت اور عالمی اہمیت کو نمایاں کردیا۔
بوسنیا کے ٹی وی کی تیار کردہ خصوصی دستاویزی فلم میں علامہ اقبال کی ابتدائی زندگی سے لے کر ان کے علمی سفر اور فکری ارتقا تک مختلف پہلوؤں کا احاطہ کیا گیا ہے۔
فلم میں بتایا گیا ہے کہ کس طرح اقبال کی فکر نے خود شناسی، خود اعتمادی اور انسانی صلاحیتوں کو بیدار کرنے کا پیغام دیا۔
دستاویزی فلم کا خصوصی حصہ علامہ اقبال کے فلسفہ خودی کے لیے مختص کیا گیا ہے۔ اس میں ان کے اس تصور کو نمایاں کیا گیا ہے جس کے تحت انسان اپنی ذات کو پہچان کر اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لاسکتا ہے اور زندگی میں بلند مقاصد حاصل کرنے کی جدوجہد کرسکتا ہے۔
اقبال کی فکر پر یورپی فلسفے کے اثرات بھی زیر بحث
خصوصی فلم میں علامہ اقبال کی فکری تشکیل میں اہم کردار ادا کرنے والی شخصیات کا تذکرہ بھی کیا گیا ہے۔ ان کے علمی و فکری تجربات کے ساتھ یورپ اور بالخصوص جرمن فلسفے سے تعلق کو بھی موضوع بنایا گیا ہے۔
دستاویزی فلم میں علامہ اقبال کی شہرہ آفاق تصانیف کا حوالہ دیتے ہوئے مختلف عالمی شخصیات کی جانب سے ان کی فکر اور شخصیت کے بارے میں آرا بھی شامل کی گئی ہیں۔ اس طرح اقبال کے ادبی اور فلسفیانہ کام کو بین الاقوامی تناظر میں پیش کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔
سرحدوں سے ماورا اقبال کا پیغام
بوسنیا کے ٹی وی کی اس پیشکش میں علامہ اقبال کو ایسی عالمی فکری شخصیت کے طور پر پیش کیا گیا ہے جن کا پیغام کسی ایک ملک، قوم یا زمانے تک محدود نہیں۔ دستاویزی فلم میں اس بات کو اجاگر کیا گیا ہے کہ خودی، خود شناسی، انسانی وقار اور فکری بیداری کے تصورات ہر معاشرے اور ہر دور کے لیے اہمیت رکھتے ہیں۔
یومِ اقبال پر بوسنیا کے ٹی وی کی یہ خصوصی کاوش اس بات کی عکاسی کرتی ہے کہ علامہ اقبال کی شاعری اور فلسفے کو عالمی سطح پر بھی اہمیت حاصل ہے اور ان کے افکار مختلف زبانوں اور ثقافتوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں تک پہنچ رہے ہیں۔