پاکستان نے یوکرین تنازع کے فوری اور پائیدار حل کے لیے جنگ بندی، مذاکرات اور سفارتکاری کو ناگزیر قرار دیتے ہوئے فریقین پر مزید کشیدگی سے گریز کرنے پر زور دیا ہے۔
اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں پاکستان نے واضح کیا ہے کہ جنگ کا دائرہ وسیع ہونے اور شہری ہلاکتوں میں اضافے پر گہری تشویش ہے۔ پاکستان کے مستقل مندوب سید حیدر شاہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ یوکرین میں جاری لڑائی کے باعث انسانی جانوں کے ساتھ اہم بنیادی ڈھانچے کو بھی نقصان پہنچ رہا ہے۔
انہوں نے توجہ دلائی کہ توانائی کی تنصیبات، ذرائع نقل و حمل اور تجارتی جہازوں کو نشانہ بنانے کے واقعات تشویشناک ہیں۔ ایسے حملوں سے نہ صرف جنگ کی شدت میں اضافہ ہوتا ہے بلکہ خطے کی معاشی اور تجارتی سرگرمیاں بھی متاثر ہونے کا خدشہ پیدا ہوتا ہے۔
پاکستانی مندوب نے تمام متعلقہ فریقوں پر زور دیا کہ وہ مزید کشیدگی پیدا کرنے والے اقدامات سے گریز کریں اور بین الاقوامی قانون کی پاسداری یقینی بنائیں۔
سید حیدر شاہ کا کہنا تھا کہ یوکرین تنازع کا پرامن حل ہی واحد قابل عمل اور ذمہ دارانہ راستہ ہے۔ جنگ کے خاتمے کے لیے طاقت کے استعمال کے بجائے مذاکرات اور سفارتی کوششوں کو ترجیح دی جانی چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان یوکرین تنازع کے پائیدار حل کے لیے سفارتی کوششوں کی حمایت جاری رکھے گا۔
پاکستان نے سلامتی کونسل میں اپنے مؤقف کے ذریعے ایک مرتبہ پھر واضح کیا ہے کہ تنازعات کا حل جنگ کے پھیلاؤ میں نہیں بلکہ مکالمے، جنگ بندی اور بین الاقوامی قانون کی پاسداری میں ہے۔