سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام پر صارفین کی عمر چھپانا اب آسان نہیں ہوگا، میٹا نے مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے ذریعے صارفین کی حقیقی عمر کا اندازہ لگانے والی ٹیکنالوجی دنیا بھر میں متعارف کرانے کا اعلان کردیا۔
اس نئی ٹیکنالوجی کا مقصد کم عمر صارفین کو ان کی عمر کے مطابق محفوظ ماحول فراہم کرنا اور انہیں نامناسب مواد سے بچانا ہے۔ میٹا کی جانب سے جاری بلاگ پوسٹ کے مطابق اب انسٹاگرام صرف صارف کی بتائی گئی عمر پر انحصار نہیں کرے گا بلکہ مصنوعی ذہانت کی مدد سے اس کی حقیقی عمر کا اندازہ بھی لگائے گا۔
اگر کوئی صارف اپنی عمر غلط درج کرتا ہے اور اے آئی سسٹم کو شبہ ہو کہ وہ 18 سال سے کم عمر ہے تو اسے خودکار طور پر ٹین (Teen) اکاؤنٹ میں منتقل کیا جا سکتا ہے۔
واضح رہے کہ میٹا نے عمر کی تصدیق کے لیے اے آئی ٹیکنالوجی اپریل 2025 میں متعارف کرائی تھی، جبکہ ٹین اکاؤنٹس کا آغاز ستمبر 2024 میں کیا گیا تھا۔
یہ اکاؤنٹس 13 سے 17 سال کی عمر کے نوجوانوں کے لیے بنائے گئے ہیں، جن میں نامناسب مواد تک رسائی محدود کرنے، رابطوں پر پابندیاں لگانے اور دیگر حفاظتی فیچرز شامل ہیں۔
میٹا کے مطابق نئی ٹیکنالوجی اب دنیا بھر میں متعارف کرائی جا رہی ہے۔ ابتدائی مرحلے میں امریکا میں والدین کو انسٹاگرام فیڈ پر ایک خصوصی ویڈیو بھی دکھائی جائے گی، جس میں انہیں بتایا جائے گا کہ پلیٹ فارم بچوں اور نوجوانوں کے تحفظ کے لیے کیا اقدامات کر رہا ہے۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ بچوں اور نوجوانوں کو سوشل میڈیا پر ان کی عمر کے مطابق محفوظ تجربہ فراہم کرنے کے لیے مزید اقدامات بھی جاری رکھے جائیں گے۔