موبائل نیٹ ورک کے سگنلز غائب ہوں، انٹرنیٹ بار بار بند ہو یا ٹیلی کام کمپنی مسئلہ حل نہ کرے تو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں۔ پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے صارفین کو شکایات درج کرانے کا طریقہ بتا دیا ہے، جس کے ذریعے وہ اپنی شکایات براہ راست اتھارٹی تک پہنچا سکتے ہیں۔
پی ٹی اے کے مطابق ٹیلی کام سروسز سے متعلق کسی بھی مسئلے کی صورت میں صارفین کو سب سے پہلے اپنی متعلقہ موبائل یا انٹرنیٹ کمپنی سے رابطہ کرنا چاہیے۔
صارفین کمپنی کے کسٹمر سروس سینٹر، کال سینٹر، ویب سائٹ یا موبائل ایپ کے ذریعے شکایت درج کرا سکتے ہیں۔
شکایت درج کراتے وقت مسئلے کی مکمل تفصیلات فراہم کرنا ضروری ہے۔ اس کے علاوہ صارفین کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ شکایت کا ریفرنس یا کمپلینٹ نمبر ضرور حاصل کریں اور شکایت درج کرانے کی تاریخ اور وقت بھی محفوظ رکھیں۔
پی ٹی اے کے مطابق اگر متعلقہ کمپنی مقررہ وقت میں مسئلہ حل نہ کرے یا صارف اس کے فراہم کردہ حل سے مطمئن نہ ہو تو وہ پی ٹی اے سے رجوع کرسکتا ہے۔
اس مقصد کے لیے اتھارٹی کا کمپلینٹ مینجمنٹ سسٹم (سی ایم ایس) موجود ہے، جہاں صارفین آن لائن اپنی شکایات درج کرا سکتے ہیں۔
پی ٹی اے میں شکایت جمع کراتے وقت صارف کو اپنی بنیادی معلومات کے ساتھ متعلقہ ٹیلی کام کمپنی سے حاصل کردہ سابقہ شکایت کا ریفرنس نمبر بھی فراہم کرنا ہوگا۔
پی ٹی اے میں شکایت کیسے درج کرائیں؟
صارفین اپنی شکایات درج کرانے کے لیے درج ذیل طریقے اختیار کرسکتے ہیں:
آن لائن پورٹل
پی ٹی اے کے کمپلینٹ مینجمنٹ سسٹم پر جا کر شکایت درج کرائیں۔
اینڈرائیڈ اور آئی او ایس صارفین پی ٹی اے کی سی ایم ایس ایپ کے ذریعے بھی شکایت جمع کرا سکتے ہیں۔
ہیلپ لائن
صارفین پی ٹی اے کی ہیلپ لائن 0800-55055 پر رابطہ کرسکتے ہیں۔
پی ٹی اے کے دفاتر
صارفین پی ٹی اے ہیڈکوارٹرز یا علاقائی دفاتر میں ذاتی طور پر بھی اپنی شکایت جمع کرا سکتے ہیں۔ پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ شکایت کے مؤثر اندراج اور اس پر کارروائی کے لیے پہلے متعلقہ ٹیلی کام کمپنی سے رابطہ کرنا اور اس کا شکایت نمبر حاصل کرنا ضروری ہے۔ اس کے بعد بھی مسئلہ حل نہ ہو تو اتھارٹی سے رجوع کیا جاسکتا ہے۔