بھارتی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا نے اپنی ذاتی زندگی سے متعلق گردش کرنے والی خبروں اور قیاس آرائیوں پر خاموشی توڑ دی ہے۔ ایک ٹاک شو میں گفتگو کے دوران انہوں نے واضح کیا کہ اس وقت ان کی زندگی میں کوئی مرد موجود نہیں۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ثانیہ مرزا حال ہی میں نیہا دھوپیا کے شو ’ڈبل ڈیٹ‘ میں اپنی قریبی دوست اور فلم ساز فرح خان کے ساتھ شریک ہوئیں۔ پروگرام کے دوران گفتگو کا رخ ان کی نجی زندگی کی جانب مڑا تو ان سے پوچھا گیا کہ کیا کبھی کسی نے انہیں کافی پر ملاقات کی دعوت دی ہے؟
اس سوال کے جواب میں ثانیہ نے بتایا کہ ان کے مرد دوست انہیں اکثر گھومنے پھرنے اور سفر پر ساتھ چلنے کی دعوت دیتے ہیں، لیکن وہ ان کے ساتھ رومانوی تعلق کے بجائے ایک دوست جیسا ہی برتاؤ کرتی ہیں۔
گفتگو کے دوران فرح خان نے بھی دلچسپ انکشاف کیا کہ ان کے بعض دوست اکثر ان سے پوچھتے ہیں کہ کیا ثانیہ مرزا واقعی سنگل ہیں؟
اس پر ثانیہ مرزا نے دوٹوک انداز میں کہا کہ ان کی زندگی میں اس وقت کوئی مرد نہیں ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ انہیں خود بھی معلوم نہیں کہ مستقبل میں کبھی کوئی ان کی زندگی میں آئے گا یا نہیں۔
ثانیہ مرزا کا یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب پاکستانی کرکٹر شعیب ملک سے علیحدگی کے بعد ان کی ذاتی زندگی کے بارے میں مختلف قیاس آرائیاں سامنے آتی رہی ہیں۔
یاد رہے کہ ثانیہ مرزا اور شعیب ملک نے 2010 میں شادی کی تھی۔ 2018 میں ان کے ہاں بیٹے اذہان مرزا ملک کی پیدائش ہوئی، تاہم 2023 میں دونوں کا رشتہ ختم ہوگیا۔ بعد ازاں شعیب ملک نے جنوری 2024 میں پاکستانی اداکارہ ثنا جاوید سے شادی کرلی۔
علیحدگی کے بعد ثانیہ مرزا نے اپنی نجی زندگی کو میڈیا کی توجہ سے دور رکھا ہے اور زیادہ تر اپنی فیملی اور پیشہ ورانہ مصروفیات پر توجہ مرکوز رکھی ہے۔