ڈیرہ اسماعیل خان میں رات گئے دہشت گردوں نے بھاری ہتھیاروں اور بارود سے بھری گاڑی کے ذریعے تھانہ بند کورائی کو نشانہ بنانے کی کوشش کی، تاہم پولیس اہلکاروں کی بروقت، منظم اور مؤثر جوابی کارروائی کے باعث دہشت گرد اپنے مذموم عزائم میں کامیاب نہ ہوسکے۔ پولیس جوانوں نے شدید دھماکے اور بھاری ہتھیاروں سے حملے کے باوجود اپنی پوزیشنیں برقرار رکھتے ہوئے دہشت گردوں کو پسپا ہونے پر مجبور کر دیا۔ حملے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا اور تھانے میں تعینات تمام پولیس اہلکار محفوظ رہے۔
ڈیرہ اسماعیل خان میں رات گئے دہشت گردوں نے تھانہ بند کورائی پر اچانک حملہ کیا۔ پولیس ترجمان کے مطابق دہشت گرد بھاری ہتھیاروں سے لیس تھے اور انہوں نے بارود سے بھری ایک پک اپ گاڑی تھانے کے مرکزی گیٹ سے ٹکرا دی، جس کے نتیجے میں زوردار دھماکا ہوا۔ دھماکے کی شدت سے تھانے کی دیوار اور مسجد کو نقصان پہنچا۔
پولیس ترجمان کے مطابق حملے کے فوری بعد تھانے میں موجود پولیس اہلکاروں نے انتہائی مستعدی اور پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے دہشت گردوں کے خلاف منظم جوابی کارروائی شروع کر دی۔ پولیس جوانوں نے اپنی پوزیشنیں سنبھالیں اور دہشت گردوں کی پیش قدمی روک دی، جس کے باعث حملہ آور تھانے کے اندر داخل ہونے میں کامیاب نہ ہوسکے۔
شدید دھماکے اور بھاری ہتھیاروں سے فائرنگ کے باوجود پولیس اہلکار ثابت قدم رہے اور پوری جرات کے ساتھ دہشت گردوں کا مقابلہ کرتے ہوئے ان کے حملے کو ناکام بنا دیا۔ پولیس ترجمان کے مطابق اہلکاروں کی پیشگی حفاظتی تیاریوں، مستعدی اور بروقت ردعمل نے دہشت گردوں کے تھانے پر قبضے یا اندر داخل ہونے کے منصوبے کو ناکام بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ڈیرہ اسماعیل خان فوری طور پر موقع پر پہنچ گئے اور تھانے کی سکیورٹی، حفاظتی انتظامات اور مجموعی صورتحال کا جائزہ لیا۔ انہوں نے موقع پر موجود پولیس افسران اور اہلکاروں سے حملے کی تفصیلات بھی معلوم کیں۔
پولیس ترجمان کے مطابق حملے کی آواز سنتے ہی مقامی شہری بھی پولیس کی حمایت میں تھانے کے قریب پہنچ گئے اور اہلکاروں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔ اس موقع پر اہل علاقہ کی جانب سے پولیس کے ساتھ تعاون اور اعتماد کا مظاہرہ کیا گیا، جو دہشت گردی کے خلاف پولیس اور مقامی آبادی کے مشترکہ عزم کی عکاسی کرتا ہے۔
پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ تھانہ بند کورائی پر حملے کے دوران پولیس جوانوں نے غیر معمولی مستعدی، پیشہ ورانہ تربیت اور جرات کا مظاہرہ کیا۔ ان کی بروقت جوابی کارروائی کے باعث دہشت گردوں کا بڑا منصوبہ ناکام ہوگیا اور تمام پولیس اہلکار محفوظ رہے۔
پولیس کے مطابق دہشت گردی کے خلاف کارروائیوں میں پولیس فورس پوری طرح مستعد ہے اور عوام کے تعاون سے امن و امان برقرار رکھنے کے لیے اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔