سوشل میڈیا پر شیئر کی جانے والی عام تصاویر، سفری تفصیلات اور روزمرہ سرگرمیاں آپ کے لیے سائبر خطرے کا سبب بن سکتی ہیں۔ امریکا میں ہونے والی ایک نئی تحقیق میں انکشاف ہوا ہے کہ مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے ٹولز ان معلومات کو استعمال کرکے ایسے جعلی پیغامات تیار کر سکتے ہیں جو بظاہر بالکل حقیقی محسوس ہوتے ہیں۔
تحقیق کے مطابق اے آئی ماڈلز کسی صارف کی سوشل میڈیا سرگرمیوں، دلچسپیوں، تصاویر، سفری تجربات اور سماجی تعلقات کا تجزیہ کرکے اس کے لیے مخصوص فشنگ پیغامات تیار کر سکتے ہیں۔
مثال کے طور پر اگر کسی شخص نے سوشل میڈیا پر کسی ہوٹل یا کنسرٹ میں دلچسپی ظاہر کی ہو تو اسے اسی ہوٹل کی جانب سے خصوصی رعایت یا کنسرٹ کے ٹکٹوں سے متعلق ایسا پیغام بھیجا جا سکتا ہے جو اسے حقیقی پیشکش محسوس ہو۔ اس طرح صارف کے لیے جعلی اور اصلی پیغام میں فرق کرنا مشکل ہو سکتا ہے۔
یونیورسٹی آف ٹیکساس، آرلنگٹن اور لوزیانا اسٹیٹ یونیورسٹی کے محققین نے اس طریقہ کار کو ’کانٹیکسچوئل فشنگ‘ کا نام دیا ہے۔
تحقیق کے دوران محققین نے انسٹاگرام کے 200 صارفین کے عوامی اکاؤنٹس کا جائزہ لیا۔ نتائج سے معلوم ہوا کہ کسی صارف کی تقریباً 10 سوشل میڈیا پوسٹس بھی اس کے بارے میں اتنی معلومات فراہم کر سکتی ہیں کہ ان کی مدد سے ذاتی نوعیت کے جعلی پیغامات تیار کیے جا سکیں۔
محققین نے مصنوعی ذہانت کے مختلف ماڈلز کی مدد سے تقریباً 18 ہزار پیغامات تیار کیے۔ ان پیغامات کو آٹھ مختلف پیمانوں پر جانچا گیا، جن میں ذاتی معلومات سے مطابقت، قابلِ یقین ہونے کا تاثر، اثر انگیزی اور جذباتی اثرات شامل تھے۔
تحقیق کے نتائج کے مطابق اے آئی کی مدد سے تیار کیے گئے یہ پیغامات روایتی فشنگ پیغامات کے مقابلے میں زیادہ حقیقی اور کم مشکوک محسوس ہو سکتے ہیں۔ بعض صورتوں میں حفاظی ٹولز بھی ایسے پیغامات کی شناخت کرنے میں ناکام رہے۔
محققین نے خبردار کیا ہے کہ سوشل میڈیا پر شیئر کی جانے والی معمول کی معلومات بھی سائبر جرائم پیشہ افراد کے لیے کارآمد ثابت ہو سکتی ہیں۔ اس لیے صارفین کو چاہیے کہ وہ اپنی ذاتی زندگی، سفری منصوبوں اور روزمرہ سرگرمیوں سے متعلق معلومات عوامی طور پر شیئر کرتے وقت احتیاط کریں۔
یہ تحقیق ایک بار پھر اس خطرے کی نشاندہی کرتی ہے کہ مصنوعی ذہانت جہاں سہولتیں فراہم کر رہی ہے، وہیں اس کا غلط استعمال آن لائن فراڈ کو پہلے سے زیادہ ذاتی اور قابلِ یقین بھی بنا سکتا ہے۔