خیبر پختونخوا میں موسم سرما کا ہنگامی منصوبہ تیار،37 اضلاع کا جائزہ، چترال، سوات اور مانسہرہ سمیت 8 اضلاع میں خصوصی انتظامات کی ہدایت
Home - آزاد سیاست - خیبر پختونخوا میں موسم سرما کا ہنگامی منصوبہ تیار،37 اضلاع کا جائزہ، چترال، سوات اور مانسہرہ سمیت 8 اضلاع میں خصوصی انتظامات کی ہدایت
خیبر پختونخوا میں موسم سرما کی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے صوبے کے 37 اضلاع کا جائزہ، 8 اضلاع انتہائی بلند خطرے کی سطح پر قرار دے دیے گئے۔ گورنر خیبر پختونخوا کی مشیر برائے اطلاعات و تعلقاتِ عامہ اور ریلیف، بحالی و آبادکاری ثمر ہارون بلور نے موسم سرما 2026-27 کے لیے ہنگامی تیاریوں کا جامع منصوبہ مرتب کرنے، امدادی وسائل کی دستیابی اور ریسکیو اداروں کو مکمل طور پر فعال رکھنے کی ہدایات جاری کردی ہیں۔
ثمر ہارون بلور کی زیر صدارت محکمہ ریلیف کا اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں موسم سرما کے کنٹیجنسی پلان، موسمیاتی تبدیلی کے اثرات، قدرتی آفات، دہشت گردی، ٹریفک حادثات اور صوبے کی مجموعی ہنگامی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں انہیں محکمہ ریلیف کے دستیاب وسائل، موجودہ استعداد، امدادی سامان کے ذخائر اور مختلف اضلاع کی ضروریات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی جبکہ ممکنہ ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے درکار اضافی سہولیات سے بھی آگاہ کیا گیا۔
اجلاس میں صوبے کے 37 اضلاع میں موسم سرما کے ممکنہ خطرات کا جائزہ لیا گیا جس کے مطابق 8 اضلاع انتہائی بلند خطرے کی سطح پر ہیں۔ ثمر ہارون بلور نے چترال اپر، اپر کوہستان، اپر دیر، شانگلہ، مانسہرہ اور سوات سمیت برفباری سے زیادہ متاثر ہونے والے علاقوں میں خصوصی انتظامات کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی کے تناظر میں صوبے کو درپیش خطرات سے نمٹنے کے لیے پیشگی تیاری اور مؤثر حکمت عملی ناگزیر ہے، متعلقہ ادارے برفباری، شدید سردی، برفانی تودے گرنے، لینڈ سلائیڈنگ اور شدید بارشوں سے نمٹنے کے لیے تمام انتظامات پہلے سے مکمل کریں۔
انہوں نے ہدایت کی کہ دور دراز وادیوں اور برفباری سے متاثر ہونے والے علاقوں میں سڑکوں کی بحالی کے لیے مشینری، ایندھن اور آپریٹرز کی دستیابی یقینی بنائی جائے۔ موسم سرما میں بند ہونے والے راستوں، متبادل گزرگاہوں اور دور دراز آبادیوں کی نشاندہی کرکے پیشگی انتظامات کیے جائیں تاکہ برفباری یا دیگر قدرتی آفات کی صورت میں شہریوں کا زمینی رابطہ منقطع نہ ہو اور امدادی سرگرمیاں متاثر نہ ہوں۔
مشیر گورنر نے امدادی سامان کے موجودہ ذخائر کی فوری تصدیق اور ضلعی سطح پر ضروریات کے مطابق اس کی دستیابی یقینی بنانے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ امدادی سامان کی ترسیل اور تقسیم کے نظام میں موجود خامیوں کی نشاندہی کرکے فوری اصلاحی اقدامات کیے جائیں جبکہ ضلعی سطح پر ریلیف فنڈز کی ضروریات اور دستیاب وسائل کا جائزہ لے کر مالی مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں۔
ثمر ہارون بلور نے کہا کہ محکمہ ریلیف کے مالی معاملات اور فنڈز سے متعلق مسائل کے حل کے لیے محکمہ خزانہ اور گورنر خیبر پختونخوا سے مشاورت کریں گی۔ تمام مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں گے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں وسائل کی کمی امدادی کارروائیوں میں رکاوٹ نہ بنے۔
انہوں نے ہدایت کی کہ موسم سرما کے دوران بے گھر، غریب اور کمزور طبقات، خصوصاً خواتین، بچوں، بزرگوں اور خصوصی افراد کی ضروریات کو ترجیح دی جائے۔ دہشت گردی، ٹریفک حادثات اور دیگر ہنگامی واقعات سے نمٹنے کے لیے ریسکیو ٹیموں، گاڑیوں اور متعلقہ مشینری کو ہر وقت تیار رکھا جائے اور کسی بھی حادثے کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں کم سے کم وقت میں جائے وقوعہ پر پہنچیں۔
اجلاس میں ریسکیو 1122، ضلعی انتظامیہ، پولیس اور محکمہ صحت کے درمیان مؤثر رابطے اور مشترکہ ردعمل کا نظام مضبوط بنانے پر بھی زور دیا گیا۔ ثمر ہارون بلور نے کہا کہ حادثات اور ہنگامی واقعات سے متاثرہ خاندانوں کو فوری مالی اور امدادی معاونت فراہم کی جائے، امداد کی فراہمی کا طریقہ کار آسان، شفاف اور غیر پیچیدہ بنایا جائے تاکہ متاثرین کو دفتری رکاوٹوں کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ متاثرہ خاندانوں کو ان کی دہلیز پر امدادی خدمات فراہم کرنا یقینی بنایا جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ امدادی کارروائیوں میں تاخیر، وسائل کی کمی اور اداروں کے درمیان رابطے کے فقدان جیسے مسائل فوری طور پر دور کیے جائیں۔ ضلعی اور صوبائی ایمرجنسی آپریشنز سینٹرز کو فعال رکھتے ہوئے مسلسل نگرانی اور بروقت اطلاعات کی فراہمی کا نظام مؤثر بنایا جائے۔
مشیر گورنر نے سیاحتی مقامات پر بھی خصوصی انتظامات کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ سیاحوں کی حفاظت، موسم سے متعلق بروقت اطلاعات، محفوظ مقامات کی نشاندہی اور ہنگامی انخلا کے انتظامات یقینی بنائے جائیں۔ تمام متعلقہ محکمے موسم سرما کے دوران اپنی ذمہ داریوں، دستیاب وسائل اور ہنگامی ردعمل کے طریقہ کار کو واضح اور مؤثر بنائیں۔
ثمر ہارون بلور کا کہنا تھا کہ عوام کا تحفظ، بروقت ریسکیو، مؤثر امدادی کارروائیاں اور متاثرہ خاندانوں کی فوری معاونت حکومت کی اولین ترجیح ہے، اس مقصد کے لیے تمام متعلقہ اداروں کو اپنی ذمہ داریاں پوری مستعدی اور باہمی تعاون سے ادا کرنا ہوں گی۔