محسن نقوی نے نئے صوبوں کے قیام کے لیے عوامی ریفرنڈم کرانے کی تجویز دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ تمام سیاسی جماعتوں کی رضامندی کے بغیر نئے صوبے نہیں بنائے جائیں گے۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر عوام نئے صوبوں کے قیام کے حق میں نہیں تو وہ عوامی رائے کے ساتھ کھڑے ہوں گے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے 12 نومبر کو لاہور میں نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے سیاسی ری سیٹ کی بات کی ہے، اس معاملے پر وہ اور بلاول بھٹو تقریباً ایک پیج پر ہیں، تاہم ان کا اپنا مؤقف ہے کہ صرف سیاست نہیں بلکہ سب کچھ ری سیٹ ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے نظام میں بھی اصلاح اور تبدیلی کی ضرورت ہے۔
نئے صوبوں کے قیام سے متعلق سوال پر وزیر داخلہ نے کہا کہ اس معاملے میں عوام کی رائے سب سے زیادہ اہمیت رکھتی ہے، بہتر ہوگا کہ عوام سے ریفرنڈم کے ذریعے پوچھا جائے کہ وہ نئے صوبے چاہتے ہیں یا نہیں۔ اگر عوام نئے صوبوں کے قیام کے حق میں نہیں ہوں گے تو وہ عوام کے فیصلے کے ساتھ ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی سمیت تمام سیاسی جماعتوں کا اپنا اپنا مؤقف ہے اور اس معاملے پر کسی ایک جماعت کی رائے کافی نہیں، تمام جماعتوں کو اعتماد میں لینا ضروری ہے۔
محسن نقوی نے واضح کیا کہ مسلم لیگ (ن)، پیپلز پارٹی اور دیگر سیاسی جماعتیں ان کے لیے اہم ہیں، نئے صوبوں کے قیام کا فیصلہ باہمی اتفاق رائے سے ہی ممکن ہے۔ اگر تمام جماعتیں راضی ہوں گی تو پیش رفت ہوگی، بصورت دیگر اختلافات کے ذریعے یہ معاملہ آگے نہیں بڑھایا جائے گا۔
ملک میں کرپشن کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ اگر کوئی یہ کہتا ہے کہ پاکستان میں کرپشن نہیں ہے تو یہ درست نہیں، ملک میں کرپشن موجود ہے اور مختلف شعبوں میں پائی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزارت داخلہ میں بھی کرپٹ عناصر کے خلاف کارروائیاں کی گئی ہیں جبکہ سی ڈی اے میں بھی کرپشن موجود ہے۔ لوگوں کو چاہیے کہ کرپشن کی نشاندہی کریں، حکومت کرپٹ عناصر کے خلاف کارروائی کرے گی۔
بانی پی ٹی آئی عمران خان سے متعلق ممکنہ ڈیل اور حالیہ افواہوں کے بارے میں سوال پر محسن نقوی نے کہا کہ گزشتہ ایک دو روز سے مختلف خبریں گردش کر رہی ہیں کہ کیا ہونے والا ہے، تاہم بانی پی ٹی آئی کو ان کے قانونی حقوق ضرور ملیں گے اور عدالت سے جو ریلیف یا سہولت انہیں ملے گی وہی فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ باقی معاملات جوں کے توں ہیں اور صورتحال میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔
خواتین کو آن لائن بلیک میلنگ اور فراڈ کا نشانہ بنانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا اعلان کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ بچیوں کو بلیک میل کرنے والوں کے لیے زیرو ٹالرنس پالیسی ہے۔ آن لائن فراڈ کے بیشتر واقعات میں خواتین کو نشانہ بنایا جا رہا ہے، ایسے عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے گی۔
اسلام آباد میں سرکاری اراضی پر قبضوں کے حوالے سے محسن نقوی نے کہا کہ وفاقی دارالحکومت کی زمین پر جس بے دردی سے قبضے کیے گئے ہیں، اس کی دنیا میں کہیں مثال نہیں ملتی۔ انہوں نے کرپشن اور قبضہ مافیا کے خلاف کارروائیوں کو ضروری قرار دیتے ہوئے کہا کہ عوام کرپٹ عناصر کی نشاندہی کریں، حکومت ان کے خلاف کارروائی کرے گی۔
وزیر داخلہ نے مزید بتایا کہ این سی سی آئی اے کو مؤثر بنانے اور سائبر کرائم کے خلاف کارروائیوں میں تیزی لانے کے لیے ادارے کو اضافی وسائل فراہم کرنے پر کام کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آن لائن بلیک میلنگ، بچوں کے استحصال اور دیگر غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔