بارش، برفباری یا دھند؟ ملک بھر میں موسم کے تیور بدلنے کا ہنگامی الرٹ جاری

بارش، برفباری یا دھند؟ ملک بھر میں موسم کے تیور بدلنے کا ہنگامی الرٹ جاری

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے ملک کے مختلف علاقوں میں آئندہ موسمی صورتحال کے پیش نظر الرٹ جاری کردیا۔ بارش، برفباری اور دھند کے باعث شہریوں اور مسافروں کو احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

این ڈی ایم اے کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر (این ای او سی) کے مطابق اسلام آباد اور راولپنڈی میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ مری، گلیات اور خطہ پوٹھوہار میں موسلادھار بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

پنجاب کے کئی شہروں میں رات کے وقت دھند اور اسموگ شہریوں کے لیے مشکلات پیدا کرسکتی ہے۔ لاہور، گوجرانوالہ، نارووال اور سیالکوٹ کے علاوہ خانیوال، فیصل آباد، ملتان اور بہاولپور بھی متاثرہ علاقوں میں شامل ہیں۔

خیبر پختونخوا کے بالائی علاقوں چترال، سوات، شانگلہ، بٹگرام اور مانسہرہ میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ پشاور، ایبٹ آباد، کوہاٹ اور نوشہرہ میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے۔

این ڈی ایم اے نے خیبر، لکی مروت، بنوں اور ڈیرہ اسماعیل خان میں بھی بارش اور تیز ہواؤں کا امکان ظاہر کیا ہے۔

گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں مطلع ابر آلود رہنے کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ پہاڑی علاقوں میں برفباری اور ژالہ باری بھی ہوسکتی ہے۔

موسمی صورتحال کے پیش نظر پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بڑھنے کا خدشہ ہے۔ این ای او سی نے سفر کرنے والے افراد کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے۔

editor

Related Articles