امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے خلاف جنگ میں کامیابی کا دعویٰ کرتے ہوئے ایک بار پھر فوجی طاقت استعمال کرنے کا عندیہ دے دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ امریکا ایران کو فوجی اور معاشی طور پر بے اثر کرچکا ہے۔ ضرورت پڑنے پر واشنگٹن دوبارہ فوری کارروائی کرسکتا ہے۔
امریکی صدر نے ایک ٹی وی انٹرویو میں ایران کی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تہران کی معیشت تباہ ہوچکی ہے۔ ملک میں مہنگائی کی شرح 301 فیصد تک پہنچنے کا دعویٰ بھی کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایرانی فوجیوں اور سکیورٹی اہلکاروں کو تنخواہیں تک ادا نہیں کی جارہیں۔
ٹرمپ نے واضح کیا کہ ایران کے خلاف طاقت استعمال کرنے میں انہیں کوئی ہچکچاہٹ نہیں ہوگی۔ امریکا نے ایرانی فوجی صلاحیتوں کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔ ایران اب پہلے جیسی فوجی طاقت نہیں رکھتا۔
ایران پر دوبارہ حملے کا امکان
ٹرمپ نے ایران کے خلاف آئندہ حکمت عملی کے حوالے سے بھی سخت مؤقف اختیار کیا۔ انہوں نےکہا کہ امریکا ضرورت پڑنے پر فوری فوجی کارروائی کرسکتا ہے۔ واشنگٹن اپنی عسکری تیاری برقرار رکھے ہوئے ہے اور کسی بھی نئی صورتحال سے نمٹنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
امریکی صدر نے دعویٰ کیا کہ ایران کی فوجی صلاحیتیں تقریباً ختم ہوچکی ہیں۔ ایرانی بحریہ اور فضائیہ کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ ایرانی میزائل اور ڈرون بنانے کی صلاحیت بھی بڑی حد تک متاثر ہوئی ہے۔
ٹرمپ نے کہا کہ ایران کے ساتھ معاملات طے کرنے کا راستہ بھی موجود ہے۔ تاہم امریکا اپنے مطالبات سے پیچھے نہیں ہٹے گا۔ ان کا بنیادی مؤقف ہے کہ ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔
کیوبا سے متعلق بھی اہم بیان
دوسری جانب امریکی صدر نے کیوبا کی صورتحال پر بھی گفتگو کی۔ انہوں نے اس ملک کو معاشی اور سیاسی مشکلات سے دوچار قرار دیا۔ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ کیوبا کا موجودہ نظام زوال پذیر ہے اور وہاں جلد بڑی تبدیلی آسکتی ہے۔
انہوں نے کیوبا کے عوام کی انسانی بنیادوں پر مدد کرنے کا بھی ذکر کیا۔ ان کے بقول امریکا اس سلسلے میں اقدامات کررہا ہے۔ ٹرمپ نے عندیہ دیا کہ کیوبا آنے والے عرصے میں اہم تبدیلیوں سے گزر سکتا ہے۔
واشنگٹن کے اگلے فیصلے پر نظریں
ٹرمپ کے تازہ بیانات ایسے وقت سامنے آئے ہیں جب امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی کم کرنے کے لیے سفارتی کوششیں بھی جاری ہیں۔ خطے کے بعض ممالک مذاکرات اور تصادم سے گریز پر زور دے رہے ہیں۔
امریکی صدر ایک طرف ایران کے خلاف فوجی کامیابی کا دعویٰ کررہے ہیں تو دوسری جانب ضرورت پڑنے پر مزید کارروائی کا اختیار بھی برقرار رکھے ہوئے ہیں۔
کیوبا کے بارے میں ان کے بیان نے بھی امریکی خارجہ پالیسی کے حوالے سے نئے سوالات پیدا کیے ہیں۔ تاہم ٹرمپ نے اپنے ان بیانات میں ایران اور کیوبا کے خلاف کسی نئی فوجی کارروائی کی حتمی تاریخ یا باقاعدہ منصوبے کا اعلان نہیں کیا۔
