امریکا میں دوران پرواز ایک عجیب و غریب واقعہ پیش آیا جہاں 33 ہزار فٹ کی بلندی پر مسافر طیارے کے باتھ روم کا سنک پھٹنے سے پورے کیبن میں پانی پھیل گیا۔ صورتحال اس قدر سنگین ہوگئی کہ پائلٹ کو ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی۔
تفصیلات کے مطابق ڈینور سے ڈیٹرائٹ جانے والی امریکی پرواز کے اگلے باتھ روم کے سنک میں اچانک شدید لیکیج شروع ہوگئی۔ پانی تیزی سے باہر نکلنے لگا اور دیکھتے ہی دیکھتے طیارے کے فرش اور مسافروں کے درمیان راستے میں جمع ہوگیا۔
ایئر ٹریفک کنٹرول کی ریکارڈنگ کے مطابق پائلٹ نے ہنگامی صورتحال کا اعلان کرتے ہوئے کیبن میں پانی جمع ہونے کو جھیل سے تشبیہ دی۔ عملے کو خدشہ تھا کہ پانی طیارے کے فرش کے نیچے موجود حساس برقی نظام تک پہنچ سکتا ہے۔ اس سے کسی بڑے فنی مسئلے کا خطرہ پیدا ہو سکتا تھا۔
اس دوران ایک دلچسپ صورتحال بھی سامنے آئی۔ اتفاق سے طیارے میں ایک پلمبر بھی مسافر کی حیثیت سے موجود تھا۔ اس نے فوری طور پر عملے کی مدد کی اور باتھ روم میں پانی کا بہاؤ روکنے کی کوشش کی۔
تاہم کیبن میں بڑی مقدار میں پانی پھیل چکا تھا۔ حفاظتی خدشات کے پیش نظر پائلٹ نے شکاگو کے اوہیئر ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کا فیصلہ برقرار رکھا۔
طیارہ بحفاظت شکاگو میں اتر گیا اور تمام مسافر اور عملہ محفوظ رہے۔ بعد ازاں ایئرلائن نے متاثرہ طیارے کو مرمت کے لیے روک دیا اور مسافروں کو متبادل طیارے کے ذریعے ڈیٹرائٹ روانہ کر دیا۔
واقعے کی ویڈیوز بھی سامنے آئی ہیں جن میں طیارے کے اندر مسافروں کی نشستوں کے درمیان پانی بہتا دیکھا جا سکتا ہے۔