نوح پل پر قیامت ٹوٹ پڑی، مسافروں سے بھری وین دریا میں جاگری
گلگت بلتستان کے ضلع غذر میں ایک دلخراش ٹریفک حادثے نے کئی خاندانوں کو اجاڑ دیا، نوح پل کے قریب مسافر وین بے قابو ہوکر دریائے یاسین میں جا گری۔ حادثے کے نتیجے میں 11 افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔
ریسکیو حکام کے مطابق مسافر وین گلگت سے ہندور جارہی تھی کہ نوح پل کے قریب حادثے کا شکار ہوگئی۔ وین دریا میں گرنے کے بعد اس میں سوار مسافر پانی میں پھنس گئے جبکہ حادثے کی اطلاع ملتے ہی امدادی کارروائیاں شروع کردی گئیں۔
ریسکیو ٹیموں نے دریائے یاسین میں سرچ آپریشن کرتے ہوئے اب تک 11 افراد کی لاشیں نکال لی ہیں۔ حادثے میں زخمی ہونے والے افراد کو ابتدائی طبی امداد کے بعد گاہکوچ منتقل کیا جا رہا ہے۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ جائے حادثہ پر امدادی ٹیمیں موجود ہیں اور دریا میں مزید تلاش کا کام جاری ہے۔ تاہم رات کے اندھیرے کے باعث ریسکیو آپریشن میں شدید مشکلات پیش آرہی ہیں جس سے امدادی سرگرمیاں متاثر ہورہی ہیں۔
حادثے کے بعد علاقے میں افسوسناک صورتحال پیدا ہوگئی ہے جبکہ متاثرہ خاندانوں میں غم کی فضا ہے۔ امدادی اہلکار دریا میں ممکنہ طور پر موجود دیگر افراد کی تلاش میں مصروف ہیں۔
حکام کے مطابق ریسکیو آپریشن کے دوران مزید معلومات سامنے آنے کی توقع ہے۔ حادثے میں زخمیوں کی حتمی تعداد اور واقعے کی دیگر تفصیلات کا انتظار ہے۔
