سینئر صحافی اور تجزیہ کار عبدالستار خان نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان اور ان کے صاحبزادے، سابق وفاقی وزیر مواصلات مولانا اسعد محمود کے ظاہر کردہ اثاثوں، توشہ خانہ تحائف، مبینہ بے نامی جائیدادوں اور مالی گوشواروں سے متعلق اٹھنے والے سوالات پر تفصیلی گفتگو کرتے ہوئے شفاف اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
آزاد ڈیجیٹل پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے عبدالستار خان نے دعویٰ کیا کہ مولانا فضل الرحمان اور مولانا اسعد محمود کے الیکشن کمیشن میں جمع کرائے گئے اثاثوں، سالانہ ٹیکس گوشواروں اور جائیدادوں کی مالیت میں مبینہ تضادات کے حوالے سے نیب، ایف بی آر اور الیکشن کمیشن کی سطح پر جانچ پڑتال کی اطلاعات سامنے آ رہی ہیں۔
عبدالستار خان کے مطابق مولانا فضل الرحمان کی ڈیرہ اسماعیل خان، خیبر پختونخوا اور اسلام آباد میں ظاہر کردہ جائیدادوں سے متعلق اہم سوال یہ ہے کہ ان کی سرکاری طور پر ظاہر کردہ مالیت اور موجودہ مارکیٹ ویلیو میں کتنا فرق ہے اور کیا یہ اثاثے ان کے معلوم ذرائع آمدن سے مطابقت رکھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان بعض جائیدادوں کو اپنے والد مفتی محمود مرحوم کی موروثی ملکیت قرار دیتے رہے ہیں، تاہم بے نامی جائیدادوں اور قریبی ساتھیوں کے نام پر موجود اثاثوں سے متعلق الزامات کی قانونی حیثیت واضح ہونا ضروری ہے۔
سابق وفاقی وزیر مولانا اسعد محمود کے مالی معاملات پر گفتگو کرتے ہوئے عبدالستار خان نے کہا کہ ان کے ظاہر کردہ اثاثوں، وزارت مواصلات کے دور میں جاری منصوبوں، ٹینڈرز اور نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے فنڈز سے متعلق اٹھائے جانے والے سوالات بھی توجہ طلب ہیں۔
انہوں نے خصوصاً 51 لاکھ روپے مالیت کی مبینہ توشہ خانہ گھڑی اور دیگر تحائف کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قانونی ڈیکلریشن، مقررہ ادائیگیوں اور ٹیکس گوشواروں میں اندراج سے متعلق صورتحال واضح ہونی چاہیے۔
عبدالستار خان نے مزید کہا کہ زرعی آمدن کے طور پر ظاہر کی گئی رقوم اور اصل زرعی پیداوار میں مطابقت کا جائزہ بھی مالی شفافیت کے لیے اہم ہے۔ ان کے مطابق اگر کسی سیاسی شخصیت کے مالی گوشواروں میں تضاد پایا جاتا ہے تو متعلقہ اداروں کو قانون کے مطابق اس کی تحقیقات کرنی چاہئیں۔
پوڈکاسٹ میں معاملے کے سیاسی پہلوؤں پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے 26ویں آئینی ترمیم کے دوران مولانا فضل الرحمان کے کردار کا حوالہ دیا اور سوال اٹھایا کہ اثاثوں سے متعلق مبینہ جانچ پڑتال محض احتسابی عمل ہے یا اس کے پیچھے سیاسی دباؤ کے عوامل بھی موجود ہو سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ احتسابی اداروں کی کارروائیوں کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال نہیں ہونا چاہیے، کیونکہ اس سے اداروں پر عوام کا اعتماد متاثر ہونے کا خدشہ پیدا ہوتا ہے۔
