کے پی میں میرٹ کی بحالی کے لیے بڑا اقدام،ایم ٹی آئی ہسپتالوں میں ٹرینی رجسٹرار کی غیر ضروری آسامیاں ختم

کے پی میں میرٹ کی بحالی کے لیے بڑا اقدام،ایم ٹی آئی ہسپتالوں میں ٹرینی رجسٹرار کی غیر ضروری آسامیاں ختم

خیبر پختونخوا حکومت نے سرکاری اسپتالوں میں میرٹ کی بالادستی، شفافیت اور پیشہ ورانہ معیار بہتر بنانے کے لیے اہم فیصلہ کرتے ہوئے میڈیکل ٹیچنگ انسٹی ٹیوشنز (ایم ٹی آئی) میں ٹرینی رجسٹرار کی تمام آسامیاں ختم کرنے کا حکم دے دیا ہے۔

صوبائی حکومت اور ایم ٹی آئی پالیسی بورڈ کا یہ اقدام سرکاری طبی اداروں میں بھرتیوں اور تربیتی نظام کو قواعد و ضوابط کے مطابق بنانے کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔ فیصلے کا بنیادی مقصد ایسی آسامیوں کا خاتمہ ہے جو اپنے اصل تربیتی مقاصد کے بجائے تنخواہ کے ساتھ ملازمت میں توسیع کا ذریعہ بن رہی تھیں۔

پالیسی بورڈ کے مطابق ٹرینی رجسٹرار کی آسامیاں بعض ٹرینی میڈیکل آفیسرز کو مقررہ مدت میں ایف سی پی ایس امتحان پاس نہ کرنے کے باوجود مزید تین سال تک تنخواہ کے ساتھ کام جاری رکھنے کا موقع فراہم کر رہی تھیں۔ اس طریقہ کار کو پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم ڈی سی) کے قواعد سے ہم آہنگ کرنے کے لیے یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔

حکومتی فیصلے کے تحت پہلے سے ان آسامیوں پر کام کرنے والے ڈاکٹروں کو باضابطہ طور پر آگاہ کیا جائے گا۔ موجودہ ملازمین اپنے معاہدوں کی شرائط کے مطابق زیادہ سے زیادہ تین ماہ تک فرائض انجام دے سکیں گے، جس کے بعد ان کے کنٹریکٹ ختم ہو جائیں گے۔

اس کے علاوہ ٹرینی رجسٹرار کی آسامیوں پر نئی بھرتیوں کے لیے جاری کیے گئے تمام اشتہارات بھی فوری طور پر واپس لینے کی ہدایت کی گئی ہے۔

خیبر پختونخوا حکومت کے اس اقدام کو سرکاری اسپتالوں میں ادارہ جاتی نظم و ضبط، بھرتیوں میں شفافیت اور پیشہ ورانہ اہلیت کو ترجیح دینے کی کوشش قرار دیا جا رہا ہے۔ اس فیصلے سے طبی تربیت کے نظام کو مقررہ ضابطوں کے تابع بنانے اور غیر ضروری ملازمتوں کے تسلسل کو روکنے کی راہ ہموار ہوگی۔

حکومت کا یہ اقدام اس عزم کی عکاسی کرتا ہے کہ سرکاری طبی اداروں میں ملازمتوں اور تربیتی مواقع کو قواعد و ضوابط کے مطابق رکھا جائے اور میرٹ پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے۔

editor

Related Articles