برطانیہ کے ساتھ تجارت میں بڑی چھلانگ لگانے کی تیاری، پاکستانی صنعت کے لیے اہم پیش رفت

برطانیہ کے ساتھ تجارت میں بڑی چھلانگ لگانے کی تیاری، پاکستانی صنعت کے لیے اہم پیش رفت

 پاکستان اور برطانیہ کے درمیان تجارتی حجم 6 ارب پاؤنڈ تک پہنچنے کے بعد دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کو مزید وسعت دینے کے امکانات سامنے آگئے ہیں۔ ٹیکسٹائل، فن ٹیک، حلال خوراک اور ماحول دوست پیداوار سمیت کئی شعبوں میں مشترکہ منصوبوں کی راہ ہموار ہوسکتی ہے۔

برطانیہ میں پاکستان کے ہائی کمشنر ٹیپو عثمان نے کہا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان کاروباری تعاون بڑھانے کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ پاکستانی اور برطانوی کمپنیوں کو ان امکانات سے فائدہ اٹھاتے ہوئے مشترکہ منصوبے شروع کرنے چاہئیں۔

 یہ بھی پڑھیں :پاکستان اور برطانیہ کے درمیان دوطرفہ تجارت بلند ترین سطح پر پہنچ گئی، برطانوی ہائی کمشنر

بریڈفورڈ میں ویسٹ یارکشائر پاکستان ٹریڈ، انویسٹمنٹ اینڈ انوویشن سمٹ 2026 سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستانی ٹیکسٹائل انڈسٹری برطانوی اداروں کے اشتراک سے جدید دھاگے، ریشے اور نئی مصنوعات تیار کرسکتی ہے۔

ٹیپو عثمان کے مطابق مشترکہ پیداواری منصوبوں سے دونوں ممالک کی کمپنیوں کے لیے کاروبار کے نئے مواقع پیدا ہوسکتے ہیں۔ اس سلسلے میں ٹیکسٹائل کے شعبے میں جدید ٹیکنالوجی اور صنعتی تعاون اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔

ہائی کمشنر نے بتایا کہ ویسٹ یارکشائر میں تقریباً اڑھائی لاکھ پاکستانی نژاد افراد آباد ہیں، جو مختلف شعبوں میں اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں۔ یہ کمیونٹی بھی دونوں ممالک کے درمیان تجارتی اور کاروباری روابط مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرسکتی ہے۔

 یہ بھی پڑھیں :برطانیہ میں پاک فوج نے ایک بار پھر پاکستان کا نام روشن کر دیا، کیمبرین پیٹرول 2026 میں سلور میڈل جیت لیا

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان سالانہ تجارت کا حجم 6 ارب پاؤنڈ تک پہنچ چکا ہے۔ تاہم ٹیکسٹائل، ماحول دوست پیداوار اور حلال خوراک جیسے شعبوں میں تعاون بڑھانے کی مزید گنجائش موجود ہے۔

ٹیپو عثمان نے اس امید کا اظہار کیا کہ دونوں ممالک کی کمپنیوں کے درمیان شراکت داری اور سرمایہ کاری کے نئے منصوبے تجارتی تعلقات کو مزید وسعت دینے میں مددگار ثابت ہوں گے۔

editor

Related Articles