آسٹریلیا کے ایک دشوار گزار جنگلی علاقے میں6 روز تک لاپتا رہنے والے 17 سالہ نوجوان کو بالآخر زندہ بچا لیا گیا۔ حیران کن بات یہ ہے کہ نوجوان نے ان 6 دنوں کے دوران صرف چپس کے ایک پیکٹ کی مدد سے زندگی برقرار رکھی۔
آسٹریلوی میڈیا رپورٹس کے مطابق ولیم نامی یہ نوجوان میلبورن کے مشرق میں واقع قصبے والہالا کے قریب ایک دوست کے ساتھ کیمپنگ کر رہا تھا، جہاں وہ اچانک لاپتا ہوگیا۔
میڈیا اطلاعات کے مطابق ولیم کیمپ سائٹ سے کچھ سامان لینے کے لیے نکلا تھا۔ اس وقت اس نے صرف شارٹس اور کام کے جوتے پہن رکھے تھے جبکہ اس کے پاس موبائل فون بھی موجود نہیں تھا۔
سامان لینے کے دوران وہ ایک اونچی چٹان سے پھسل کر گہری کھائی میں جا گرا۔ اس مقام پر پھنس جانے کے باعث اس کے لیے واپس کیمپ تک پہنچنا یا کسی سے مدد حاصل کرنا ممکن نہیں رہا۔
یہ علاقہ دشوار گزار پہاڑی راستوں اور خطرناک سانپوں کی موجودگی کے باعث خاصا خطرناک سمجھا جاتا ہے۔ ولیم کی تلاش کے لیے بڑے پیمانے پر ریسکیو آپریشن شروع کیا گیا۔6 روز کی تلاش کے بعد اسے ایک دور دراز کھائی میں دیکھ لیا گیا۔
ریسکیو آپریشن کی وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ہیلی کاپٹر کو اپنی جانب آتا دیکھ کر ولیم خوشی سے اچھلنے لگتا ہے اور فضا میں مکے لہرا کر اپنی خوشی کا اظہار کرتا ہے۔
ریسکیو اہلکاروں کے مطابق جب اسے تلاش کیا گیا تو وہ شدید دھوپ کے باعث جھلس چکا تھا اور بھوک و پیاس سے نڈھال تھا۔ بعد ازاں اسے پولیس ہیلی کاپٹر کے ذریعے بحفاظت وہاں سے نکال کر اس کی والدہ کے پاس پہنچا دیا گیا۔
ولیم کی والدہ الزبتھ بارکلے نے بیٹے کی بحفاظت واپسی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس واقعے کے دوران شدید پریشانی سے گزریں۔ انہوں نے مذاقاً بیٹے کو خبردار کیا کہ اب وہ دوبارہ کبھی ان کی نظروں سے دور نہیں ہوگا اور اسے زندگی بھر گھر میں نظر بند رکھا جائے گا۔
والدہ کا کہنا تھا کہ انہوں نے بیٹے کو سختی سے سمجھایا ہے کہ آئندہ کبھی ایسی حرکت نہ کرے، کیونکہ اس کے لاپتا ہونے سے انہیں شدید خوف اور پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ 6 دن تک جنگل میں پھنسے رہنے اور انتہائی محدود خوراک پر زندہ بچنے والے ولیم کی کہانی نے لوگوں کو حیران کر دیا ہے۔