190 ملین پاؤنڈ کیس،عمران خان اور بشریٰ بی بی کی سزاؤں کے خلاف اپیلیں سماعت کے لیے مقرر، ڈویژن بنچ 18 نومبر کو سماعت کرے گا

190 ملین پاؤنڈ کیس،عمران خان اور بشریٰ بی بی کی سزاؤں کے خلاف اپیلیں سماعت کے لیے مقرر، ڈویژن بنچ 18 نومبر کو سماعت کرے گا

اسلام آباد ہائیکورٹ نے 190 ملین پاؤنڈ کیس میں بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی سزاؤں کے خلاف دائر اپیلیں سماعت کے لیے مقرر کردی ہیں۔ چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس سرفراز ڈوگر اور جسٹس محمد آصف پر مشتمل ڈویژن بنچ 18 نومبر کو اپیلوں پر سماعت کرے گا۔

عدالت کی جانب سے سزا کے خلاف دائر اپیلوں پر فریقین کے وکلاء سے دلائل طلب کیے گئے ہیں۔ سماعت کے دوران اپیل کنندگان کے وکلاء سزا کے خلاف اپنے قانونی دلائل پیش کریں گے جبکہ عدالت اپیلوں کے مختلف قانونی پہلوؤں کا جائزہ لے گی۔

واضح رہے کہ اس سے قبل وفاقی آئینی عدالت نے 190 ملین پاؤنڈ کیس میں بشریٰ بی بی کی سزا معطلی کی اپیل مسترد کرنے کا تحریری فیصلہ جاری کیا تھا۔ چیف جسٹس امین الدین خان کی جانب سے تحریر کردہ تین صفحات پر مشتمل فیصلے میں قرار دیا گیا تھا کہ بشریٰ بی بی کی سزا معطلی کی اپیل مسترد کی جاتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:سکیورٹی فورسز کی برق رفتار کارروائیوں میں 48 گھنٹوں کے دوران فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے 74 دہشت گرد ہلاک

تحریری فیصلے کے مطابق سزا معطلی کی اپیل 61 روز کی تاخیر سے دائر کی گئی تھی۔ بشریٰ بی بی کی جانب سے متفرق درخواست کے ذریعے عدالت سے استدعا کی گئی تھی کہ اپیل دائر کرنے میں ہونے والی تاخیر کو نظرانداز کیا جائے، تاہم عدالت نے یہ استدعا مسترد کردی تھی۔

اب اسلام آباد ہائیکورٹ میں 18 نومبر کو مرکزی اپیلوں کی سماعت ہوگی، جس میں بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی سزاؤں کے خلاف قانونی دلائل سنے جائیں گے۔

Qaisar Mirza
editor

Related Articles