پاکستان میں مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے ذریعے لوگوں کی مالی مشکلات کم کرنے اور ان کی آمدنی بہتر بنانے کے لیے کام کرنے والے اسٹارٹ اپس کے لیے بڑی پیش رفت سامنے آئی ہے۔ عالمی ادارے جی ایس ایم اےنے ایسے کاروباری اداروں کے لیے نیا انوویشن فنڈ متعارف کرایا ہے، جس کے تحت منتخب کمپنیوں کو 2 لاکھ 50 ہزار برطانوی پاؤنڈ تک گرانٹ دی جائے گی۔
اس فنڈ کو برطانوی حکومت کا دفتر برائے خارجہ، دولت مشترکہ اور ترقیاتی امور (FCDO) تعاون فراہم کر رہا ہے۔ منتخب کمپنیوں کو کم از کم ایک لاکھ اور زیادہ سے زیادہ 2 لاکھ 50 ہزار پاؤنڈ دیے جائیں گے، جبکہ درخواستیں جمع کرانے کی آخری تاریخ 17 دسمبر 2026 مقرر کی گئی ہے۔
کون سی کمپنیاں درخواست دے سکتی ہیں؟
یہ فنڈ افریقہ، جنوبی ایشیا اور جنوب مشرقی ایشیا کے کم اور درمیانی آمدنی والے ممالک میں کام کرنے والے نجی اور منافع بخش چھوٹے اور ترقی پذیر کاروباری اداروں کے لیے ہے۔ پاکستان بھی اہل ممالک کی فہرست میں شامل ہے۔ اس کے علاوہ بنگلہ دیش، سری لنکا، نیپال اور انڈونیشیا سمیت دیگر ممالک کی کمپنیاں بھی درخواست دے سکتی ہیں۔
فنڈ کی شرائط کے مطابق درخواست دینے والی کمپنی کے پاس پہلے سے صارفین اور آمدنی ہونا ضروری ہے۔ پاکستان میں منصوبہ چلانے والی کمپنی کا ملک میں رجسٹرڈ ہونا اور کاروباری سرگرمیاں جاری رکھنا بھی لازمی ہے۔
درخواست گزار کمپنی کو مطلوبہ گرانٹ کا کم از کم 25 فیصد حصہ خود فراہم کرنا ہوگا، جبکہ منظور ہونے والے منصوبوں کی مدت 15 سے 18 ماہ ہوگی۔
کن منصوبوں کو فنڈنگ مل سکتی ہے؟
جی ایس ایم اے ایسے اے آئی منصوبوں کی حوصلہ افزائی کرنا چاہتا ہے جو لوگوں کو مالی مشکلات سے نمٹنے، بہتر مالی فیصلے کرنے اور طویل مدت میں بچت و آمدنی بڑھانے میں مدد دے سکیں۔
ان منصوبوں میں مالی فراڈ کی نشاندہی کرنے والے اے آئی سسٹمز، مقامی زبانوں میں مالی رہنمائی فراہم کرنے والے ٹولز، اشیا کی قیمتوں اور مارکیٹ سے متعلق معلومات، روزگار تلاش کرنے میں مدد دینے والے پلیٹ فارمز اور بچت کے ڈیجیٹل ذرائع شامل ہیں۔
خواتین، لڑکیوں اور معذور افراد کے لیے کام کرنے والی کمپنیوں، مقامی سطح پر قائم کاروباری اداروں اور موبائل نیٹ ورک آپریٹرز کے تعاون سے اپنے منصوبوں کو وسعت دینے کی صلاحیت رکھنے والے اسٹارٹ اپس کو ترجیح دی جائے گی۔
منتخب کمپنیوں کو مالی معاونت کے علاوہ تکنیکی رہنمائی، سرمایہ کاروں تک رسائی اور جی ایس ایم اے کی تقریبات و اشاعتوں کے ذریعے اپنے منصوبوں کی تشہیر کا موقع بھی فراہم کیا جائے گا۔
جی ایس ایم اے کے مطابق کم اور درمیانی آمدنی والے ممالک میں بینک یا مالی اکاؤنٹس رکھنے والے افراد کی شرح 2011 میں 42 فیصد تھی، جو 2024 میں بڑھ کر تقریباً 80 فیصد ہوگئی۔ اس اضافے میں موبائل منی سروسز کا اہم کردار رہا ہے۔ تاہم دنیا بھر میں رجسٹرڈ 2 ارب 30 کروڑ موبائل منی اکاؤنٹس میں سے صرف تقریباً ایک چوتھائی ہر ماہ استعمال ہوتے ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان کے لیے جی ایس ایم اے کا یہ پہلا انوویشن فنڈ نہیں۔ 2021 میں بھی ادارے نے پاکستان کے3 اسٹارٹ اپس کو مجموعی طور پر 14 کروڑ 60 لاکھ روپے کی گرانٹ دی تھی۔