انگلینڈ کے لیجنڈری اور سابق فاسٹ بولر جیمز اینڈرسن نے پاکستان کے اسٹار بلے باز بابر اعظم کو اپنا پسندیدہ پاکستانی کرکٹر قرار دے دیا ہے۔
جیمز اینڈرسن نے کرکٹ سے متعلق ایک حالیہ ویڈیو میں مختلف ممالک سے اپنے پسندیدہ کرکٹرز کے ناموں کا اظہار کیا ہے ، اس سلیکشن میں انہوں نے آسٹریلیا سے شین وارن، انگلینڈ سے جو روٹ، بھارت سے ویرات کوہلی، نیوزی لینڈ سے ٹم ساؤتھی، جنوبی افریقا سے اے بی ڈی ویلیئرز اور سری لنکا سے سنتھ جے سوریا کو اپنے پسندیدہ کھلاڑیوں کے طور پر چنا ہے۔
جیمز اینڈرسن کا کیریئر اور حالیہ مصروفیات
44 سالہ جیمز اینڈرسن انگلینڈ کی جانب سے ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بولر ہیں، انہوں نے مارچ 2024ء میں اپنی 700 ٹیسٹ وکٹیں مکمل کیں اور جولائی 2024ء میں ویسٹ انڈیز کے خلاف لارڈز کے میدان پر اپنا 188واں اور آخری ٹیسٹ کھیلنے کے بعد بین الاقوامی کرکٹ کو خیرباد کہہ دیا تھا۔ تاہم، وہ لنکاشائر کاؤنٹی کی طرف سے تسلسل کے ساتھ کھیلتے رہے اور 2026ء میں کاؤنٹی کی ریڈ بال ٹیم کی قیادت بھی کی۔
رواں سیزن کے دوران انہوں نے 17.68 کی شاندار اوسط کے ساتھ 50 وکٹیں حاصل کیں، اگرچہ لنکاشائر کی ٹیم ڈویژن ٹو کی 8 ٹیموں میں ساتویں نمبر پر رہی۔
گزشتہ 25 اکتوبر کو لنکاشائر کی جانب سے باضابطہ تصدیق کی گئی کہ وہ 2027ء کے سیزن کے لیے اینڈرسن کو نیا معاہدہ پیش نہیں کرے گی، جس کے بعد کاؤنٹی کے ساتھ ان کا 25 سالہ طویل تعلق اختتام پذیر ہو گیا۔
جیمز اینڈرسن نے اس علیحدگی کو اپنی خواہش کے برعکس قرار دیا، تاہم انہوں نے تاحال باضابطہ ریٹائرمنٹ کا اعلان نہیں کیا۔
بابر اعظم کی حالیہ کارکردگی اور تکنیکی چیلنجز
دوسری جانب پاکستان کے اسٹار بلے باز بابر اعظم ان دنوں اپنی فارم کے حوالے سے دباؤ کا شکار ہیں ، انہوں نے پاکستان کی حالیہ سہ ملکی سیریز کے 4 میچوں میں مجموعی طور پر 118 رنز بنائے، جبکہ سری لنکا کے خلاف فائنل میں وہ بغیر کوئی رن بنائے صفر پر آؤٹ ہو گئے۔
یاد رہے کہ بابر اعظم نے نومبر 2025ء میں سری لنکا کے خلاف اپنی 20 ویں ون ڈے سنچری اسکور کی تھی، جس کے بعد سے وہ تاحال کسی بھی بین الاقوامی میچ میں سنچری بنانے میں کامیاب نہیں ہو سکے، اس کے علاوہ، رواں سال منعقدہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بھی وہ 5 اننگز میں صرف 91 رنز ہی بنا سکے۔
یہ بھی پڑھیں :بابر اعظم کا ایک اور شاندار اعزاز: 16 ہزار رنز مکمل کر کے پاکستان کے پانچویں بڑے بلے باز بن گئے
بابر اعظم کی حالیہ مشکلات کے پیش نظر سابق پاکستانی بلے باز محمد یوسف نے انہیں مشورہ دیا ہے کہ وہ اپنی بیٹنگ کی تکنیکی خامیوں کو دور کرنے کے لیے انگلینڈ یا آسٹریلیا میں خصوصی کوچنگ حاصل کریں ، حالیہ ڈومیسٹک کرکٹ کے تناظر میں، بابر اعظم نے 6 نومبر کو قائدِ اعظم ٹرافی میں لاہور وائٹس کی نمائندگی کرتے ہوئے 42 رنز کی اننگز کھیلی، تاہم آؤٹ ہونے کے بعد مایوسی کے عالم میں انہوں نے غصے سے اپنا بلا پچ پر دے مارا۔
تاہم، یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ رواں سال بابر اعظم کی کارکردگی ہر محاذ پر مایوس کن نہیں رہی ، انہوں نے پاکستان سپر لیگ 2026ء میں شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 588 رنز بنائے اور ٹورنامنٹ کے سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے باز ہونے کا اعزاز اپنے نام کیا۔