بی ٹی ایس کے گلوکار جیمین بن کر فراڈ، 68 سالہ خاتون سے ہزاروں ڈالر ہتھیا لیے

بی ٹی ایس کے گلوکار جیمین بن کر فراڈ، 68 سالہ خاتون سے ہزاروں ڈالر ہتھیا لیے

برازیل میں آن لائن محبت کے نام پر دھوکا دہی کا ایک حیران کن واقعہ سامنے آیا ہے، جہاں 68 سالہ ریٹائرڈ خاتون کو جنوبی کوریا کے مشہور میوزک بینڈ بی ٹی ایس (BTS) کے گلوکار جیمین کی جعلی شناخت استعمال کرکے لاکھوں روپے کا نقصان پہنچایا گیا۔

برازیل کے شہر ساؤ پالو سے تعلق رکھنے والی خاتون سے ایک جعل ساز نے تقریباً 3 لاکھ برازیلی ریئل ہتھیا لیے، جو تقریباً 52 ہزار سے 56 ہزار امریکی ڈالر کے برابر ہیں۔

برازیلی اخبار ’دیاریو دے پرنامبوکو‘ کی رپورٹ کے مطابق خاتون تقریباً 4 ماہ تک سوشل میڈیا پر خود کو جیمین ظاہر کرنے والے شخص سے رابطے میں رہیں۔ جعل ساز نے محبت بھرے پیغامات کے ذریعے ان کا اعتماد حاصل کیا اور ایسا تاثر دیا جیسے دونوں کے درمیان قریبی تعلق قائم ہوچکا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:آج دنیا ختم ہونے والی ہے؟ 66 سال پرانی پیشگوئی نے ہلچل مچا دی

چند ماہ بعد جعل ساز نے خاتون کو مہنگے تحائف بھیجنے کا وعدہ کیا، تاہم بعد میں دعویٰ کیا کہ تحائف برازیل کے کسٹمز حکام نے روک لیے ہیں اور انہیں حاصل کرنے کے لیے کسٹم ڈیوٹی ادا کرنا ضروری ہے۔

خاتون اس جھانسے میں آگئیں اور کئی مرتبہ رقم ادا کرتی رہیں۔ یہاں تک کہ انہوں نے ادائیگیوں کے لیے بینک سے قرض بھی حاصل کیا۔

بعد ازاں جب انہیں دھوکا دہی کا احساس ہوا تو انہوں نے جعل ساز کا اکاؤنٹ بلاک کرکے پولیس سے رابطہ کرلیا۔ ساؤ پالو کی سول پولیس اس معاملے کی تحقیقات کررہی ہے تاکہ اس فراڈ میں ملوث افراد اور نیٹ ورک کا سراغ لگایا جاسکے۔

برازیل میں کے پاپ مداح بھی جعل سازوں کے نشانے پر

یہ واقعہ برازیل میں مشہور شخصیات کی جعلی شناخت استعمال کرکے آن لائن فراڈ کرنے کے بڑھتے ہوئے رجحان کی ایک مثال ہے۔ ملک میں کورین موسیقی، خصوصاً کے پاپ کے مداحوں کی بڑی تعداد موجود ہے، جس کا فائدہ اٹھا کر جعل ساز لوگوں کو نشانہ بناتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:خوشحالی کی امید میں خطرناک رسم، گائے بیلوں کے سامنے لیٹ گئے درجنوں افراد

فروری 2026 میں جنوبی کوریا اور برازیل کی پولیس نے جرائم کی روک تھام کے لیے باضابطہ تعاون کا ایک فریم ورک بھی طے کیا تھا۔ ’دی کوریا ہیرالڈ‘ کے مطابق برازیل میں جعلی کوریائی سفری پیکیجز، نقلی کے پاپ مصنوعات اور آن لائن محبت کے نام پر فراڈ کے متعدد واقعات سامنے آچکے ہیں۔

مشہور شخصیات کی جعلی شناخت کا استعمال صرف بی ٹی ایس تک محدود نہیں۔ اس سے قبل ایک خاتون کو کوریائی اداکار پارک بو گم کی شناخت استعمال کرنے والے جعل ساز نے نشانہ بنایا تھا، جبکہ برازیلیا کے قریب ایک 69 سالہ خاتون سے ایلون مسک بن کر رابطہ کرنے والے شخص نے بھی رقم ہتھیا لی تھی۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ یہ واقعہ ایسے وقت سامنے آیا ہے جب بی ٹی ایس نے 28، 30 اور 31 اکتوبر کو برازیل کے شہر ساؤ پالو میں تین کنسرٹس کیے تھے۔ تاہم رپورٹس میں یہ واضح نہیں کیا گیا کہ دھوکا دہی کا سلسلہ بینڈ کے دورے سے پہلے شروع ہوا یا بعد میں۔

editor

Related Articles