دنیا کے خاتمے سے متعلق 66 سال پرانی ایک حیران کن پیشگوئی ایک بار پھر خبروں اور سوشل میڈیا پر موضوعِ بحث بن گئی ہے۔ اس پیشگوئی میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ 13 نومبر 2026 تک دنیا کی آبادی اس حد تک بڑھ جائے گی کہ انسان ایک دوسرے کے دباؤ سے ہلاک ہونے لگیں گے۔
یہ پیشگوئی 1960 میں امریکی یونیورسٹی آف الینوائے کے سائنسدان ہائنز وان فوسٹر نے اپنے دو ساتھیوں کے ساتھ مل کر کی تھی۔ ان کا اندازہ تھا کہ آبادی میں تیزی سے اضافے کے باعث زمین پر انسانوں کی گنجائش ختم ہونے لگے گی۔
یہ تحقیق معروف سائنسی جریدے ’سائنس‘ میں شائع ہوئی تھی، جس میں آبادی میں اضافے کے ریاضیاتی ماڈل کی بنیاد پر مستقبل کے حالات کا اندازہ لگایا گیا تھا۔
تاہم وقت گزرنے کے ساتھ اس پیشگوئی کے مفروضے حقیقت سے مختلف ثابت ہوئے۔ دنیا کے کئی ممالک میں شرح پیدائش میں مسلسل کمی دیکھی گئی، جبکہ متعدد معاشروں کو اب بڑھتی آبادی کے بجائے کم ہوتی شرح پیدائش اور معمر افراد کی بڑھتی تعداد جیسے مسائل کا سامنا ہے۔
ماہرین کے مطابق اس طرح کی پیشگوئیوں کو حتمی حقیقت نہیں سمجھنا چاہیے، کیونکہ یہ مخصوص ریاضیاتی ماڈلز اور مفروضوں پر مبنی ہوتی ہیں۔ آبادی میں اضافے کے رجحانات وقت کے ساتھ بدل سکتے ہیں۔
یوں 13 نومبر 2026 کی یہ تاریخ دنیا کے خاتمے کی کوئی مصدقہ سائنسی پیشگوئی نہیں، بلکہ 66 سال پرانے ایک ریاضیاتی اندازے کی یاد دہانی ہے۔