پنجاب حکومت نے زمین اور جائیداد کی رجسٹریشن کے نظام میں اہم تبدیلی کرتے ہوئے ڈویژنل ہیڈکوارٹرز میں تعینات ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنرز کو سب رجسٹرار کے اختیارات تفویض کردیے ہیں۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق اس فیصلے کے بعد متعلقہ افسران جائیداد کی رجسٹریاں کرنے کے مجاز ہوں گے، جبکہ نئے انتظام کا اطلاق فوری طور پر کردیا گیا ہے۔
بورڈ آف ریونیو پنجاب کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق حکومت نے رجسٹریشن ایکٹ 1908 کی دفعہ 6 کے تحت ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنرز کو سب رجسٹرار کے اختیارات دینے کی منظوری دی ہے.
اس اقدام کے نتیجے میں ڈویژنل ہیڈکوارٹرز میں تعینات ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنرز اب زمین اور جائیداد کی رجسٹریشن کے معاملات بھی نمٹا سکیں گے۔
نوٹیفکیشن میں رجسٹریشن کے طریقہ کار سے متعلق بھی واضح ہدایات جاری کی گئی ہیں، جن کے مطابق زمین اور جائیداد کی تمام رجسٹریاں صرف پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی (پی ایل آر اے) کے ای رجسٹریشن نظام کے ذریعے مکمل کی جائیں گی۔ اس طرح رجسٹریشن کا عمل ڈیجیٹل نظام کے تحت جاری رکھنے کی پابندی ہوگی۔
حکومت نے نئے اختیارات حاصل کرنے والے افسران کی نگرانی اور ان کے کام میں شفافیت یقینی بنانے کے لیے بھی اقدامات کیے ہیں، اس سلسلے میں متعلقہ ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ رجسٹریشن افسران کی کارکردگی پر نظر رکھیں اور مؤثر چیک اینڈ بیلنس کا نظام قائم کریں تاکہ اختیارات کے استعمال میں قواعد و ضوابط کی پابندی یقینی بنائی جاسکے۔
بورڈ آف ریونیو نے اس فیصلے سے تمام ڈویژنل کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز اور پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی کو باضابطہ طور پر آگاہ کردیا ہے۔
حکومتی فیصلے کے تحت اب ڈویژنل ہیڈکوارٹرز میں تعینات ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنرز بھی جائیداد کی رجسٹریشن کے معاملات انجام دیں گے، جبکہ تمام کارروائی ای رجسٹریشن نظام کے ذریعے ہوگی۔