کاغذوں میں ایک موٹر سائیکل نہیں، مگر رہائش اربوں کے بنگلوں میں! سرکاری دستاویزات اور شاہانہ طرزِ زندگی کے تضادات بے نقاب

کاغذوں میں ایک موٹر سائیکل نہیں، مگر رہائش اربوں کے بنگلوں میں! سرکاری دستاویزات اور شاہانہ طرزِ زندگی کے تضادات بے نقاب

الیکشن کمیشن آف پاکستان میں جمع کرائے گئے اثاثہ جات کے حلف ناموں (فارم ب) اور چھ سالہ ٹیکس گوشواروں کے جائزے سے جمیعت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان اور ان کے صاحبزادے، سابق وفاقی وزیرِ مواصلات اسد محمود کے ظاہر کردہ مالی ریکارڈ اور ان کے عملی طرزِ زندگی کے درمیان نمایاں فرق سامنے آیا ہے۔

 دستیاب دستاویزات کی روشنی میں یہ سوال زیرِ بحث ہے کہ سرکاری کاغذات میں ذاتی سواری اور رہائشی اخراجات صفر ظاہر کیے جانے کے باوجود، اسلام آباد کے پوش سیکٹرز میں اربوں روپے مالیت کی جائیدادوں کے استعمال اور شاہانہ سفری انتظامات کے پیچھے کیا عوامل کارفرما ہیں۔

دستاویزی ریکارڈ اور سفری ذرائع کا تضاد

الیکشن کمیشن کے ریکارڈ کے مطابق مولانا فضل الرحمان اور اسد محمود دونوں نے اپنے دستخط شدہ فارم بی میں موٹر گاڑیوں کے مخصوص خانے میں محض لکیریں کھینچ کر یہ حلفیہ مؤقف اختیار کیا ہے کہ ان کے اپنے نام، ان کی بیگمات یا زیرِ کفالت بچوں کے نام پر کوئی کار، جیپ یا موٹر سائیکل تک رجسٹرڈ نہیں ہے تاہم، عوامی اجتماعات اور دارالحکومت میں نقل و حرکت کے دوران ان کے قافلوں میں قیمتی ‘وی ایٹ’ (V8) اور بلٹ پروف گاڑیوں کا استعمال عام مشاہدے میں آتا ہے۔

تحقیقاتی زاویے سے یہ امر توجہ طلب ہے کہ اگر کاغذات میں ایک موٹر سائیکل تک کی ملکیت ظاہر نہیں کی گئی، تو ان قیمتی گاڑیوں کی ملکیت، ایندھن اور دیکھ بھال کے اخراجات کون برداشت کر رہا ہے اور آیا انہیں الیکشن کمیشن یا ایف بی آر کے ریکارڈ میں ‘تحفے’ یا ‘عارضی استعمال’ کے طور پر درج کیا گیا ہے یا نہیں۔

اسلام آباد کے بنگلے اور ‘صفر کرایہ’ کی پراسراریت

دستاویزات کے مطابق، دونوں رہنماؤں کے چھ سالہ ٹیکس ریکارڈ اور اثاثہ جات کی تفصیلات میں اسلام آباد کے سیکٹر جی سکس فور (G-6/4) میں واقع مکان نمبر 7 اور تقریباً دو ارب روپے مالیت کے چار کنال پر محیط مکان نمبر 11 کی ملکیت کا کوئی اندراج موجود نہیں ہے۔ 

مزید برآں، ٹیکس گوشواروں میں نہ تو کسی ہاؤس لون (قرضے) کا ذکر ہے اور نہ ہی کسی مالک مکان کو ایک روپیہ کرایہ ادا کرنے کی رسید یا اندراج دکھایا گیا ہے۔

اس معاملے کا ایک اہم پہلو ان جائیدادوں کے اصل مالکان کا پس منظر ہے ، دستاویزات بتاتی ہیں کہ مذکورہ بنگلے نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) کے ٹھیکیدار امان اللہ اور کرک سے تعلق رکھنے والے ٹھیکیدار جاوید اقبال کے نام پر رجسٹرڈ ہیں۔ 

ریکارڈ کے مطابق، ٹھیکیدار امان اللہ (جو ناران میں ماؤنٹ حیات ہوٹل اور گلبرگ گرینز میں دفتر کے مالک بتائے جاتے ہیں) کو قومی احتساب بیورو (نیب) کی جانب سے تین نوٹسز بھی جاری ہو چکے ہیں۔

سیاسی و قانونی مبصرین کے نزدیک اس معاملے میں ‘مفادات کے ٹکراؤ’ (Conflict of Interest) کا پہلو اہمیت کا حامل ہے، کیونکہ اسد محمود ماضی میں وفاقی وزیرِ مواصلات کے منصب پر فائز رہے ہیں اور این ایچ اے براہِ راست اسی وزارت کے ماتحت کام کرتا ہے۔ 

تحقیقاتی حلقوں میں یہ سوال اٹھایا جا رہا ہے کہ آیا سرکاری ٹھیکیداروں کی ملکیتی جائیدادوں کا بلا معاوضہ یا غیر اعلانیہ استعمال محض ذاتی تعلقات کا نتیجہ ہے یا اس کے پس منظر میں کوئی اور محرکات موجود ہیں۔

قانونی و آئینی پہلو 

قانونی ماہرین کے مطابق، پاکستان کے انتخابی اور ٹیکس قوانین اس معاملے میں واضح ضابطے مقرر کرتے ہیں ،  الیکشن ایکٹ 2017ء کی دفعہ 137 کے تحت ہر رکنِ اسمبلی اور امیدوار پر لازم ہے کہ وہ اپنے اور اپنے زیرِ کفالت افراد کے اثاثوں اور واجبات کی مکمل اور درست تفصیلات الیکشن کمیشن میں جمع کرائے، جبکہ غلط بیانی یا حقائق چھپانے کی صورت میں دفعہ 167 اور 174 کے تحت قانونی کارروائی عمل میں لائی جا سکتی ہے ،  اسی طرح انکم ٹیکس آرڈیننس 2001ء کی دفعہ 116 کے تحت ویلتھ اسٹیٹمنٹ میں اثاثوں یا مستقل زیرِ استعمال سہولیات کو ظاہر کرنا ضروری ہوتا ہے۔

سیاسی حلقوں اور متعلقہ شخصیات کے حامیوں کا عمومی مؤقف یہ رہتا ہے کہ سیاسی قائدین کی سیکیورٹی، رہائش اور نقل و حرکت کے انتظامات عموماً پارٹی فنڈز، مخیر حضرات یا قریبی رفقاء کے تعاون سے کیے جاتے ہیں، جنہیں ذاتی ملکیت تصور نہیں کیا جا سکتا تاہم، شفافیت اور احتساب کے علمبردار حلقوں کا مطالبہ ہے کہ عوامی عہدیداروں کے سرکاری ریکارڈ اور عملی طرزِ زندگی میں پائے جانے والے اس فرق کی وضاحت متعلقہ فورمز پر ہونی چاہیے تاکہ تمام قانونی تقاضے پورے ہو سکیں۔

editor

Related Articles