بلوچستان کے ضلع چاغی سے معدنی شعبے کے لیے اہم خبر سامنے آئی ہے، جہاں سونے اور تانبے کے نئے ذخائر دریافت کر لیے گئے ہیں ، اس پیش رفت نے پاکستان کے معدنی وسائل سے متعلق امکانات کو ایک بار پھر اجاگر کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ماڑی انرجیز نے پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو بھیجے گئے باضابطہ خط میں بتایا ہے کہ اس کی ذیلی کمپنی ماڑی منرلز نے ضلع چاغی میں تلاش کے دوران یہ قیمتی معدنی ذخائر دریافت کیے ہیں ، کمپنی کے مطابق یہ مقام چاغی کے علاقے میں 50 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔
اسٹاک ایکسچینج کو فراہم کردہ تفصیلات کے مطابق ماڑی منرلز نے متعلقہ علاقے میں مجموعی طور پر 25 ہزار میٹر تک ڈرلنگ کا کام مکمل کر لیا ہے، ابتدائی نتائج میں سامنے آنے والے معدنی ذخائر تقریباً 1.4 مربع کلومیٹر کے رقبے پر پھیلے ہوئے ہیں۔
تاہم یہ دریافت ابھی ابتدائی مرحلے میں ہے اور ذخائر کی اصل مقدار، معیار اور معاشی اہمیت جاننے کے لیے مزید تحقیق درکار ہے۔ اسی مقصد کے تحت کمپنی نے علاقے میں مزید ایک ہزار میٹر گہرائی تک ڈرلنگ کرنے کا منصوبہ بنایا ہے، جس سے معدنی ذخائر کے حجم اور معیار کا زیادہ درست اندازہ لگایا جا سکے گا۔
ماڑی انرجیز کے مطابق اس حوالے سے مزید تفصیلی نتائج 2027 کی پہلی سہ ماہی میں متوقع ہیں۔ ان نتائج کی روشنی میں ہی منصوبے کے اگلے مراحل اور مستقبل کی حکمت عملی طے کی جائے گی۔
چاغی میں سونے اور تانبے کی یہ دریافت پاکستان کے معدنی شعبے کے لیے ایک اہم پیش رفت ہے، تاہم اس کے حقیقی معاشی فوائد کا انحصار ذخائر کی حتمی مقدار، معیار اور انہیں قابلِ استعمال بنانے کے مراحل پر ہوگا۔
یاد رہے کہ پاکستان میں تانبے، سونے، لیتھیم اور دیگر اہم معدنیات کی تلاش کا عمل تیز کیا جا رہا ہے، جبکہ حکومت عالمی سرمایہ کاروں کو بھی اس شعبے میں سرمایہ کاری کی دعوت دے رہی ہے۔
ایسے میں چاغی میں سونے اور تانبے کے نئے ذخائر کی دریافت کو خاص اہمیت حاصل ہے تاہم اس دریافت کو ملکی معیشت کے لیے حقیقی فائدے میں بدلنے کا انحصار مزید تحقیق، سرمایہ کاری اور معدنی وسائل کی مؤثر ترقی پر ہوگا۔