8 ہزار سے سیدھا ایک کروڑ 16 لاکھ روپے کا بینک بیلنس، فضل الرحمان کے اثاثوں میں 1,378 گنا اضافے نے سب کو حیران کر دی

8 ہزار سے سیدھا ایک کروڑ 16 لاکھ روپے کا بینک بیلنس،  فضل الرحمان کے اثاثوں میں 1,378 گنا اضافے نے سب کو حیران کر دی

 جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ  فضل الرحمان کے بینک اکاؤنٹس، آمدنی اور اثاثوں کے حساب کتاب میں ہوشربا تضادات اور مبینہ مالی بے ضابطگیوں کا انکشاف ہوا ہے۔ تحریری دستاویزات کے مطابق ایک ہی روز جمع کرائے گئے دو مختلف انتخابی فارمز میں بینک اکاؤنٹس کی تفصیلات میں کھلا تضاد پایا گیا ہے جبکہ اقتدار سے علیحدگی کے بعد ان کے بینک بیلنس میں 1 ہزار 378 گنا غیر معمولی اضافہ بھی ریکارڈ کیا گیا ہے۔

دستاویزی شواہد کے مطابق 22 دسمبر 2023 کو دستخط شدہ کاغذاتِ نامزدگی کے فارم الف میں فضل الرحمان نے الائیڈ بینک پارلیمنٹ ہاؤس برانچ اسلام آباد کا اکاؤنٹ نمبر 0010021702280025 درج کیا  تاہم حیران کن طور پر اسی روز دستخط ہونے والے اثاثہ جات کے گوشوارے یعنی فارم ب اور ایف بی آر کے ٹیکس ریکارڈ میں بالکل مختلف اکاؤنٹ نمبر 07560120001395 ظاہر کیا گیا اور پارلیمنٹ ہاؤس برانچ والے پہلے اکاؤنٹ کو اثاثوں کی فہرست سے مکمل طور پر غائب کر دیا گیا۔ 

ایک ہی تاریخ کو دو سرکاری دستاویزات میں ایک اکاؤنٹ ظاہر کرنا اور دوسرے کو اثاثوں کی فہرست سے خارج رکھنا سنگین بے ضابطگی اور اکاؤنٹ چھپانے کے زمرے میں آتا ہے جس کی شفاف تحقیقات ناگزیر ہو چکی ہیں۔

دستاویزات کے مزید جائزے سے فضل الرحمان کی آمدنی اور بینک بیلنس میں اچانک اور غیر معمولی اضافے کی کہانی بھی سامنے آئی ہے۔ ٹیکس ریکارڈ کے مطابق سال 2021 سے 2023 تک ان کی قابلِ ٹیکس آمدنی صفر ظاہر کی جاتی رہی اور اس پورے عرصے میں ان کے بینک اکاؤنٹ میں محض 10 ہزار 58 روپے سے لے کر 8 ہزار 455 روپے تک کی معمولی رقم موجود رہی۔ تاہم 2023 میں اتحادی حکومت کے خاتمے اور اقتدار سے علیحدگی کے بعد ان کی آمدنی اور بینک بیلنس میں حیران کن اضافہ دیکھنے میں آیا۔

یہ بھی پڑھیں:فضل الرحمان کی الیکشن کمیشن میں جعل سازی پکڑی گئی، اہلیہ کا 55 تولہ سونا اچانک اسلحے کے خانے میں منتقل، بغیر فروخت مالیت بھی آدھی رہ گئی

 ریکارڈ کے مطابق سال 2024 میں ان کی سالانہ تنخواہ 7 لاکھ 58 ہزار روپے رہی، جو سال 2025 میں بڑھ کر 55 لاکھ 38 ہزار روپے سالانہ تک جا پہنچی اور سال 2026 کے گوشواروں میں یہ تنخواہ 91 لاکھ 80 ہزار روپے سالانہ یعنی 7 لاکھ 65 ہزار روپے ماہانہ ریکارڈ کی گئی۔ اسی دوران ان کا بینک بیلنس محض 8 ہزار 455 روپے سے بڑھ کر 1 کروڑ 16 لاکھ 56 ہزار روپے تک پہنچ گیا جو مجموعی طور پر 1 ہزار 378 گنا اضافہ بنتا ہے۔

تحریری ریکارڈ کی چھان بین میں حساب کتاب اور ٹیکس ریکنسلیئشن میں لاکھوں روپے کے سیدھے فرق کی بھی نشاندہی ہوئی ہے۔ ایف بی آر کے گوشواروں کے مطابق سال 2025 میں 12 لاکھ 3 ہزار روپے اور سال 2026 میں 23 لاکھ 94 ہزار روپے کی ٹیکس کٹوتی ظاہر کی گئی تاہم اس کٹوتی کی رقم کو ایف بی آر کی اثاثہ جات ریکنسلیئشن (خالص اثاثوں کے توازن) سے منہا ہی نہیں کیا گیا۔ حسابی ماہرین کے مطابق ٹیکس کٹوتی کو اخراجات یا کٹوتی کے طور پر منہا نہ کرنے کے باعث سال 2026 کے کھاتے میں 22 لاکھ 69 ہزار روپے کا براہِ راست حسابی فرق واضح طور پر سامنے آتا ہے۔

قانونی ماہرین کا کہنا ہے کہ الیکشن ایکٹ 2017ء کی دفعہ 137 کے تحت کوئی بھی بینک اکاؤنٹ چھپانا یا اثاثوں کے گوشواروں میں غلط اعداد و شمار فراہم کرنا سنگین جرم ہے، جس پر دفعہ 167 اور 174 کے تحت کرپٹ پریکٹس کی کارروائی عمل میں لائی جا سکتی ہے جس کی سزا تین سال قید اور جرمانہ ہے۔ اسی طرح انکم ٹیکس آرڈیننس 2001ء کی دفعہ 116 کے تحت ویلتھ اسٹیٹمنٹ میں عدم مطابقت اور حسابی فرق پر ایف بی آر کو آڈٹ اور فوجداری کارروائی کا مکمل اختیار حاصل ہے

 آئین کے آرٹیکل 62 ون ایف کے تحت اثاثے چھپانے پر نااہلی کی تلوار بھی لٹکتی ہے۔ سیاسی و عوامی حلقوں نے الیکشن کمیشن اور ایف بی آر سے مطالبہ کیا ہے کہ ان تحریری دستاویزات کا فوری نوٹس لے کر مکمل تحقیقات کی جائیں جبکہ اس معاملے پر فضل الرحمان یا جے یو آئی (ف) کی جانب سے تاحال کوئی باضابطہ وضاحت سامنے نہیں آئی ہے۔

Qaisar Mirza
editor

Related Articles