فضل الرحمان کی الیکشن کمیشن میں جعل سازی پکڑی گئی، اہلیہ کا 55 تولہ سونا اچانک اسلحے کے خانے میں منتقل، بغیر فروخت مالیت بھی آدھی رہ گئی

فضل الرحمان کی الیکشن کمیشن میں جعل سازی پکڑی گئی، اہلیہ کا 55 تولہ سونا اچانک اسلحے کے خانے میں منتقل، بغیر فروخت مالیت بھی آدھی رہ گئی

جے یو آئی کے سربراہ فضل الرحمان کی الیکشن کمیشن میں جعل سازی پکڑی گئی ہے  حلقہ این اے 265 پشین کے فارم بی اور فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے ٹیکس ریکارڈ کے تقابلی جائزے میں جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان اور ان کے صاحبزادے اسعد محمود کے اثاثوں کی تفصیلات میں غیر معمولی تضادات سامنے آئے ہیں جن پر سیاسی و قانونی حلقوں کی جانب سے سنجیدہ سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔

 قانونی ماہرین کا کہنا ہے کہ اثاثوں کے گوشواروں میں غلط بیانی یا حقائق چھپانا الیکشن ایکٹ 2017ء انکم ٹیکس آرڈیننس 2001ء اور آئین کے آرٹیکل 62 ون ایف کی سنگین خلاف ورزی کے زمرے میں آتا ہے، جس پر نااہلی، قید اور بھاری جرمانے جیسی سخت سزائیں مقرر ہیں۔

انتخابی کمیشن میں جمع کرائے گئے فارم بی کی دستاویزات کے مطابق مولانا فضل الرحمان نے حلقہ این اے 265 پشین کے کاغذاتِ نامزدگی میں اپنی اہلیہ کو والدین کی جانب سے ملنے والے 55 تولہ طلائی زیورات کی مجموعی مالیت صرف 9 لاکھ 50 ہزار روپے ظاہر کی ہے جس کے حساب سے فی تولہ سونے کی قیمت محض 17 ہزار 272 روپے بنتی ہے۔ دستاویزات کے جائزے سے معلوم ہوتا ہے کہ ایف بی آر کے ٹیکس گوشواروں میں سال 2023 تک یہی 9 لاکھ 50 ہزار روپے کی رقم زیورات کے خانے میں درج رہی، تاہم سال 2024 کے ریکارڈ میں اچانک زیورات کا خانہ مکمل طور پر خالی کر دیا گیا اور عین وہی 9 لاکھ 50 ہزار روپے کی رقم اسلحہ (آرمز ڈیفرنس ٹائپ) کے خانے میں منتقل ہو گئی۔

ریکارڈ کے مطابق اسلحے کے خانے میں منتقل ہونے والی اس مالیت میں بغیر کسی فروخت کے اندراج کے مسلسل کمی بھی دیکھنے میں آئی، جہاں یہ رقم سال 2025 میں کم ہو کر 5 لاکھ 50 ہزار روپے اور سال 2026 کے گوشواروں میں مزید گھٹ کر 3 لاکھ 50 ہزار روپے رہ گئی۔ ناقدین اور ٹیکس امور کے مبصرین کی جانب سے اس بات پر حیرت کا اظہار کیا جا رہا ہے کہ 55 تولہ سونا بغیر کسی واضح وضاحت کے کاغذات میں اسلحے کے خانے میں کیسے تبدیل ہوا اور اس کی مالیت میں بتدریج کمی کس ضابطے کے تحت ظاہر کی گئی۔

دوسری جانب  فضل الرحمان کے صاحبزادے اسعد محمود کے انتخابی فارم بی اور ایف بی آر ریکارڈ میں بھی اسی نوعیت کے تضادات کی نشاندہی کی گئی ہے۔ دستیاب دستاویزات کے مطابق اسد محمود نے فارم بی میں اپنی اہلیہ کے پاس 3 تولہ سونا ہونے کا ذکر کیا، تاہم ایف بی آر کے ٹیکس ریکارڈ میں سال 2021 سے لے کر 2025 تک اس سونے کی مالیت صفر روپے درج رکھی گئی۔ سال 2026 کے ریکارڈ میں اچانک اس 3 تولہ سونے کی قیمت 6 ہزار 737 روپے ظاہر کی گئی، جس کے مطابق فی تولہ سونے کی قیمت صرف 2 ہزار 245 روپے بنتی ہے۔ مبصرین کے مطابق 6 ہزار 737 روپے کا یہ ہندسہ دراصل اسعد محمود کے سال 2026 کے ریکارڈ میں درج نقد رقم (کیش ان ہینڈ) کے خانے سے ہو بہو نقل کیا گیا معلوم ہوتا ہے، جبکہ اس کے برعکس انہوں نے اپنے پاس موجود 3 پستولوں اور 2 رائفلوں کی مالیت ٹیکس ریکارڈ میں صفر روپے ظاہر کی ہے۔

یہ بھی پڑھیں :فضل الرحمان کی بے نامی جائیداد کا کھیل بے نقاب، اسد محمود کے چار کنال گھر کا کاغذی مالک اور فرنٹ مین جاوید اقبال گرفتار، تحقیقات کا دائرہ مزید وسیع

آئینی و قانونی ماہرین کے مطابق پاکستان کے انتخابی اور ٹیکس قوانین اس معاملے میں انتہائی واضح اور سخت ہیں۔ الیکشن ایکٹ 2017ء کی دفعہ 137 کے تحت ہر رکنِ اسمبلی اور امیدوار کے لیے لازم ہے کہ وہ اپنے اور اپنے زیرِ کفالت افراد کے اثاثوں اور واجبات کی مکمل اور درست تفصیلات الیکشن کمیشن میں جمع کرائے۔ اگر کسی شخص کے جمع کرائے گئے اثاثوں کے گوشواروں میں جان بوجھ کر غلط بیانی یا تضاد ثابت ہو جائے تو الیکشن ایکٹ کی دفعہ 167 اور 174 کے تحت اسے کرپٹ پریکٹس (بدعنوانی) کا مرتکب قرار دیا جا سکتا ہے، جس کی سزا تین سال تک قید، ایک لاکھ روپے تک جرمانہ یا دونوں سزائیں بیک وقت ہو سکتی ہیں۔ مزید برآں، غلط حلف نامہ جمع کرانے پر الیکشن ایکٹ کی دفعہ 137 کی ذیلی شق 4 کے تحت الیکشن کمیشن متعلقہ رکن کی رکنیت معطل کر کے فوجداری کارروائی کا آغاز بھی کر سکتا ہے۔

اسی طرح آئینِ پاکستان کے آرٹیکل 62 ون ایف کے تحت کوئی بھی ایسا شخص رکنِ پارلیمنٹ بننے یا رہنے کا اہل نہیں رہتا جو صادق اور امین نہ ہو، اور عدالتی فیصلوں کی روشنی میں انتخابی کاغذات میں اثاثوں کی غلط معلومات فراہم کرنا بددیانتی کے زمرے میں آتا ہے جس کے نتیجے میں تاحیات یا مقررہ مدت کے لیے نااہلی کی تلوار لٹک سکتی ہے۔ ٹیکس قوانین کے حوالے سے ماہرین کا کہنا ہے کہ انکم ٹیکس آرڈیننس 2001ء کی دفعہ 116 کے تحت ویلتھ اسٹیٹمنٹ (اثاثہ جات کے گوشوارے) میں غلط اندراجات کرنا یا اثاثوں کی نوعیت تبدیل کر کے ظاہر کرنا ٹیکس چوری اور غلط بیانی کے زمرے میں آتا ہے، جس پر آرڈیننس کی دفعہ 182 اور 192 کے تحت بھاری مالی جرمانے، آڈٹ اور فوجداری مقدمات کی سزائیں دی جا سکتی ہیں۔

دونوں رہنماؤں کے اثاثہ جات کی تفصیلات سامنے آنے کے بعد عوامی اور سیاسی حلقوں میں شفافیت اور احتساب کے حوالے سے بحث چھڑ گئی ہے اور مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ الیکشن کمیشن اور ایف بی آر ان دستاویزات کا نوٹس لے کر قانون کے مطابق کارروائی کریں۔

Qaisar Mirza
editor

Related Articles