مشروم سے کشتی بنائی، سمندر میں 42 کلومیٹر سفر کرکے عالمی ریکارڈ قائم

مشروم سے کشتی بنائی، سمندر میں 42 کلومیٹر سفر کرکے عالمی ریکارڈ قائم

دنیا میں منفرد تجربات کرنے والوں کی کمی نہیں، لیکن امریکی ریاست کیلیفورنیا سے تعلق رکھنے والے ایک فنکار نے ایسا کارنامہ انجام دیا ہے جس نے سب کو حیران کردیا۔ انہوں نے دیوہیکل مشروم سے تیار کردہ کشتی میں سمندر کا 42.43 کلومیٹر طویل سفر کرکے گنیز ورلڈ ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔

لاس اینجلس کے رہائشی سیم شو میکر نے اگست 2025 میں کیٹالینا جزیرے سے امریکی سرزمین پر واقع کابریلو بیچ تک تنہا سمندری سفر کیا۔ اس منفرد مہم کے لیے انہوں نے 12 فٹ طویل کیاک استعمال کی، جو مکمل طور پر مشروم سے حاصل ہونے والے مائیسیلیم نامی قدرتی مادے سے تیار کی گئی تھی۔

یہ بھی پڑھیں:امریکا میں 22 لاکھ روپے ماہانہ آمدنی بھی کم پڑگئی، آخر پیسہ جاتا کہاں ہے

سیم شو میکر نے تقریباً 12 گھنٹے میں یہ سفر مکمل کیا۔ ان کی اس کامیابی کو مشروم کے مائیسیلیم سے بنی کشتی میں تنہا طے کیے گئے طویل ترین سفر کے طور پر گنیز ورلڈ ریکارڈ میں شامل کیا گیا۔

مشروم سے کشتی بنانے کا خیال کیسے آیا؟

سیم شو میکر گزشتہ ایک دہائی سے زائد عرصے سے کھمبیوں اور پھپھوندی کی مختلف اقسام پر تحقیق اور تجربات کر رہے ہیں۔ وہ مائیسیلیم کو مختلف شکلوں میں ڈھال کر مجسمے اور منفرد فن پارے بھی تیار کرتے ہیں۔

مائیسیلیم دراصل پھپھوندی کا جڑوں جیسا باریک جال ہوتا ہے، جو مختلف نامیاتی اجزا کو آپس میں جوڑنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ اسی خصوصیت کی وجہ سے اسے مختلف اشیا اور تعمیراتی مواد بنانے کے تجربات میں استعمال کیا جا رہا ہے۔

پلاسٹک کا ماحول دوست متبادل بن سکتا ہے مشروم؟

سیم شو میکر کی تحقیق کا ایک اہم مقصد مائیسیلیم کو پلاسٹک اور تعمیراتی صنعت میں استعمال ہونے والے غیر قابلِ تجدید مواد کے ماحول دوست متبادل کے طور پر متعارف کرانے کے امکانات تلاش کرنا ہے۔

ان کا یہ منفرد تجربہ ظاہر کرتا ہے کہ قدرتی مواد کو جدید تحقیق اور تخلیقی سوچ کے ذریعے غیر معمولی مقاصد کے لیے استعمال کیا جاسکتا ہے۔

مشروم سے تیار کردہ کشتی میں 42.43 کلومیٹر کا سمندری سفر نہ صرف فن اور سائنس کا حیرت انگیز امتزاج ہے بلکہ مستقبل میں ماحول دوست مواد کے استعمال کے نئے امکانات کی جانب بھی توجہ دلاتا ہے۔

editor

Related Articles