فرانس کے دارالحکومت پیرس میں دو ماہ سے جاری طلبہ احتجاج کے بعد پولیس نے اہم اقدام کرتے ہوئے 15 تعلیمی اداروں کے اطراف مظاہروں اور احتجاجی اجتماعات پر پابندی عائد کردی ہے۔ اس فیصلے کے تحت 10 ہائی اسکولوں اور 5 جامعات کے قریب بغیر اجازت احتجاج کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔
پیرس پولیس کی جانب سے جاری حکم نامے کے مطابق پیر سے جمعہ تک متعلقہ تعلیمی اداروں کے 100 میٹر کے دائرے میں بغیر اجازت اجتماعات اور احتجاجی مارچ ممنوع ہوں گے۔ اس اقدام کا مقصد تعلیمی اداروں کے اطراف احتجاجی سرگرمیوں کو محدود کرنا ہے۔
یہ بھی پڑھیں :یورپ میں مہنگائی و بیروزگاری کیخلاف مظاہروں میں شدت، فرانس میں طلبہ کی احتجاجی ریلیوں کی کال
عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق پیرس میں طلبہ نے ستمبر کے وسط میں تعلیمی اداروں میں کلاس رومز کی ناقص سہولیات کے خلاف احتجاج شروع کیا تھا۔ مظاہرین نے اسکولوں کے داخلی راستوں کی ناکہ بندی کرتے ہوئے اپنے مطالبات کے حق میں آواز اٹھائی تھی۔
ابتدائی طور پر ہائی اسکولوں تک محدود رہنے والی احتجاجی سرگرمیوں میں بعد ازاں جامعات کے طلبہ بھی شامل ہوگئے، جس کے نتیجے میں مظاہروں کا دائرہ وسیع ہوتا چلا گیا۔
رپورٹ کے مطابق طلبہ کی احتجاجی تحریک صرف تعلیمی سہولیات تک محدود نہیں رہی بلکہ فرانس کے دیگر علاقوں تک پھیل گئی۔ اس دوران مہنگائی اور روزمرہ اخراجات میں اضافے کے خلاف مزدور یونینز کے مظاہرے بھی اس تحریک سے جڑ گئے۔
یوں تعلیمی اداروں کی سہولیات سے شروع ہونے والا احتجاج وسیع تر عوامی اور معاشی مسائل کی آواز بن گیا۔
پیرس پولیس کے تازہ حکم نامے کے بعد دارالحکومت کے 15 تعلیمی اداروں کے اطراف احتجاجی سرگرمیوں کے لیے اجازت کی شرط عائد ہوگئی ہے۔ اس فیصلے کو دو ماہ سے جاری طلبہ تحریک کے تناظر میں اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔