جمیعت علمائے اسلام ف کے سربراہ فضل الرحمن کے بھائی ضیاء الرحمان کے ٹیکس اور مالیاتی ریکارڈ نے ایک ایسے مالیاتی معجزے یا انکشاف کو جنم دیا ہے جس نے ہر ذی شعور انسان کو سوچنے پر مجبور کردیا ہے ۔
2022 میں جب ضیاء الرحمان افغان کمشنر کے منصب پر فائز تھے، ان کے مالیاتی ریکارڈ میں اچانک ایک کروڑ پچیس لاکھ روپے نقد کا ایک بڑا اضافہ سامنے آیا ہے، جس نے سرکاری عہدے پر فائز شخصیت کی مالیاتی شفافیت کے حوالے سے اہم سوالات کو جنم دیا ہے۔
کیا اقتدار اور سرکاری کرسیاں انسان کو راتوں رات ‘ککھ سے کروڑ پتی’ بنا دیتی ہیں؟ یا پھر کروڑوں روپے کے کالے دھن کو سفید کرنے کے لیے ‘سسرال’ کو ڈھال بنایا جانے لگا ہے؟ افغان کمشنریٹ کے سابق کمشنر ضیاء الرحمان کے مالیاتی ریکارڈ اور ٹیکس گوشواروں سے جوانکشافات سامنے آئے ہیں ، یہ کہانی ہے ایک ایسے انوکھے مالیاتی معجزے کی، جہاں نہ کوئی کاروبار چلا، نہ لاٹری نکلی، لیکن سسرال کی مہربانی سے بینک بیلنس آسمان سے باتیں کرنے لگا!
17 لاکھ سے سیدھا کروڑوں کا سفر
دستاویزی حقائق بتاتے ہیں کہ 2022ء میں جب ضیاء الرحمان افغان کمشنریٹ کے انتہائی با اثر اور اہم ترین منصب پر براجمان تھے، تو ان کے ٹیکس ریکارڈ میں ایک ایسا حیران کن اضافہ سامنے آیا ، مالیاتی سال کے ریکارڈ کے تجزیے سے پتہ چلتا ہے کہ اس اکیلی انٹری نے ضیاء الرحمان کے بینک بیلنس کو یکسر بدل کر رکھ دیا، اس سے قبل ان کا مجموعی بینک اور کیش بیلنس محض17 لاکھ روپے تک محدود تھا، جو اس ایک انٹری کے بعد تیزی سے اوپر گیا اور سال 2023 کے دوران اچھل کر ایک کروڑ 44 لاکھ چونتیس ہزار روپے کی بلند سطح پر جا پہنچا۔
دستیاب دستاویزات اور ٹیکس ریکارڈ کا جائزہ لینے سے معلوم ہوتا ہے کہ اس بھاری رقم کے حصول کے حوالے سے جو عذر پیش کیا گیا، اس کے مطابق یہ رقم “بیوی کو اس کے والد نے اپنی زندگی میں نقد دیے” (Received Cash My Wife Her Father in His Life) درج کی گئی ہے۔
اتنی بڑی نقدی کے اضافے سے متعلق ٹیکس فارم میں جو عذر یا توجیہ پیش کی گئی، وہ خود کسی مذاق سے کم نہیں لگتی ، فارم میں صاف لکھ دیا گیا کہ “بیوی کو اس کے والد نے اپنی زندگی میں نقد دیے، یعنی سسر صاحب نے دنیا سے رخصت ہونے سے پہلے یا زندگی میں بیٹی کو کروڑوں روپے کی نقدی ایسے تھما دی جیسے بچوں کو عیدی دی جاتی ہے۔
نتیجہ یہ نکلا کہ اگلے ہی سال یعنی 2023ء میں یہی معمولی سا بیلنس چھلانگ لگا کر سیدھا ایک کروڑ چونتیس لاکھ چونتیس ہزار نو سو ساٹھ (14,434,960) روپے کی بلند ترین منزل پر جا پہنچا یہاں سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ کیا افغان کمشنریٹ کی کرسی اتنی زرخیز تھی کہ وہاں بیٹھتے ہی سسرال کی تجوریاں داماد کے لیے کھل گئیں، یا پھر کروڑوں روپے کی اس ہیر پھیر اور اثاثوں میں چھپائی گئی کالے دھن کی رقم کو بچانے کے لیے یہ ایک شاندار قانونی عذر تراشا گیا تھا؟
یہ بھی پڑھیں : شہداء کے لہو پر سیاست ، دہشتگردوں سے چشم پوشی ،فضل الرحمان ٹی ٹی پی کے سیاسی سہولت کار کے طور پر بے نقاب
ایک سرکاری منصب پر فائز رہنے والے اور افغان کمشنریٹ جیسے اہم ادارے کی ذمہ داریاں نبھانے والے عہدیدار کے اثاثوں میں اتنی قلیل مدت میں ہونے والا یہ کروڑوں روپے کا اضافہ اور اس کے لیے سسر کی طرف سے نقد تحفے کا مؤقف ایک ایسا نکتہ ہے جو دستاویزی شواہد میں واضح طور پر ریکارڈ کا حصہ بنا ہے۔
یہ صورتحال اس امر کی متقاضی ہے کہ اس طرح کے مالیاتی اضافوں کے پس منظر اور ان کی مصدقہ حیثیت کا باریک بینی سے جائزہ لیا جائے، تاکہ یہ واضح ہو سکے کہ سرکاری عہدوں پر موجود افراد کے اثاثوں میں اچانک آنے والی ایسی بڑی تبدیلیوں کے حقیقی اسباب کیا ہیں۔