پاکستان کی سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے مختلف علاقوں میں بھرپور حملے کرتے ہوئے 2 افغان دہشتگردوں سمیت 16 فتنہ الخوارج دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا ہے، جبکہ جھڑپوں کے دوران مادر وطن کے دو بہادر سپوتوں نے جام شہادت نوش کیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق سیکیورٹی فورسز کی جانب سے ملک بھر میں جاری انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے سلسلے کو آگے بڑھاتے ہوئے ضلع شمالی وزیرستان کے جنرل ایریا میر علی، دتہ خیل اور ان کے گردونواح میں فتنہ الخوارج کے ٹھکانوں کو مؤثر انداز میں نست و نابود کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز اور دہشتگردوں کے درمیان فائرنگ کا شدید تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں گزشتہ 12 گھنٹوں کے دوران علی خیل کے مقام پر 2 افغان دہشتگردوں سمیت 12 دہشتگردوں کو ہلاک کیا گیا، جو کہ بھارتی سرپرستی میں چلنے والے فتنہ الخوارج سے تعلق رکھتے تھے۔
اس کے علاوہ میر علی اور دتہ خیل میں بھی 2، 2 فتنہ الخوارج دہشتگردوں کو ہلاک کیا گیا، جس سے علاقے میں سرگرم دہشتگردوں کے نیٹ ورک کو کاری ضرب پہنچی ہے۔
شہدا کی قربانیاں
ان شدید مقابلوں اور کارروائیوں کے دوران پاک فوج کے 2 جوانوں نے بہادری کی تاریخ رقم کی۔ ضلع صوابی کے رہائشی 43 سالہ حوالدار عصمت علی اور ضلع مردان کے رہائشی 32 سالہ نائیک آفتاب علی نے جرات اور بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے دشمن کا ڈٹ کر مقابلہ کیا اور مادر وطن کی خاطر جام شہادت نوش کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک ہونے والے بھارتی سرپرست میں دہشتگرد گروپ فتن الخوارج کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا ہے، جو معصوم شہریوں کے قتل سمیت متعدد دہشتگردانہ کارروائیوں میں ملوث تھے۔
پاکستان طویل عرصے سے سرحد پار سے مسلط کردہ اور غیر ملکی سرپرستی میں ہونے والی دہشتگردی کا شکار رہا ہے۔
ریاست اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے اس ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے ملک بھر میں انسدادِ دہشتگردی کی جامع مہمات کا آغاز کر رکھا ہے۔
فیڈرل ایپکس کمیٹی برائے نیشنل ایکشن پلان کی منظوری سے شروع کیا جانے والا وژن ’عزمِ استحکام‘ اس عزم کا عملی مظہر ہے کہ ریاست کے خلاف ہتھیار اٹھانے والے عناصر کے لیے کوئی نرم گوشہ نہیں ہوگا۔
ملکی سلامتی کے تناظر میں یہ کارروائیاں اس بات کی غماز ہیں کہ سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے ہمہ وقت تیار اور متحرک ہیں۔
شمالی وزیرستان جیسے حساس اور دشوار گزار علاقوں میں خوارج کے نیٹ ورکس کا مسلسل تعاقب کرنا اور ان کے بیرونی آقاؤں کے مذموم عزائم کو خاک میں ملانا اس امر کا ثبوت ہے کہ پاکستان کی دفاعی صلاحیتیں اور انٹیلی جنس سسٹمز انتہائی مستحکم ہیں۔
افغان شہریوں کا اس کارروائی میں مارا جانا اس بات کی تصدیق کرتا ہے کہ اس فتنے کے تانے بانے ملکی سرحدوں کے باہر سے جڑے ہیں، جنہیں کچلنے کے لیے زمینی حقائق کے مطابق سخت ترین حکمت عملی پر عمل پیرا ہونا ناگزیر ہو چکا ہے۔
شہدا کی قربانیاں اس عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں کہ ریاست دہشتگردوں کے آگے کبھی سر نہیں جھکائے گی اور آخری خارجی کے خاتمے تک یہ جنگ پوری قوت سے جاری رہے گی۔
سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کا یہ عزم غیر متزلزل ہے کہ بقیہ تمام چھپے ہوئے خوارج کو منطقی انجام تک پہنچانے کے لیے کلیئرنس اور سینیٹائزیشن آپریشنز پورے عزم و حوصلے کے ساتھ جاری رہیں گےاور اس نوعیت کی قربانیاں پوری قوم اور فورسز کے حوصلوں کو مزید بلند کرتی ہیں۔
