خیبر پختونخوا سے ماہانہ 90 کلوگرام سونا غیر قانونی نکال کر 80 فیصد افغانستان اسمگل کیا جا رہا ہے؛ گورنر نے ‘ٹیرر کرائم نیکسز’ کا پردہ چاک کر دیا

خیبر پختونخوا سے ماہانہ 90 کلوگرام سونا غیر قانونی نکال کر 80 فیصد افغانستان اسمگل کیا جا رہا ہے؛ گورنر نے ‘ٹیرر کرائم نیکسز’ کا پردہ چاک کر دیا

گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے صوبے میں معدنی وسائل کی مبینہ لوٹ مار کے خلاف بڑا قدم اٹھاتے ہوئے سونے کی کان کنی کی متنازع لیز فوری طور پر منسوخ کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے گورنر خیبر پختونخوا نے گزشتہ 13 سالوں کے دوران صوبے کے قیمتی وسائل کی بے دریغ لوٹ مار، سونے کی غیر قانونی کان کنی اور اس کے پیچھے سرگرم ‘ٹیرر کرائم نیکسز’ (دہشت گردی اور جرائم کے گٹھ جوڑ) کے حوالے سے تہلکہ خیز انکشافات کیے اور غیر قانونی مائننگ مافیا کی پشت پناہی کرنے والی سیاسی و بااثر شخصیات کے نام بھی بے نقاب کر دیے۔

تفصیلات کے مطابق گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ ایمرجنسی کے نفاذ کے بعد صوبے میں اصلاحات اور لوٹ مار روکنے کے لیے مختلف سخت ایکشن لیے جا رہے ہیں، جس کے تحت سونے کی کان کنی کی متنازع لیز منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ ماہانہ 4 ارب 20 کروڑ روپے مالیت کے سونے کی دس سالہ لیز محض 4 ارب 92 کروڑ روپے میں دینا قومی وسائل کی کھلی لوٹ مار اور سرکاری خزانے کو ناقابلِ تلافی نقصان پہنچانے کی سوچی سمجھی کوشش تھی، جسے اب ختم کیا جا رہا ہے۔

گورنر خیبر پختونخوا نے صوبے کے معدنی وسائل کے تحفظ کے حوالے سے دوٹوک مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 13 برسوں میں جس طریقے سے صوبے کے قیمتی وسائل کو لوٹا گیا ہے وہ کسی سے ڈھکا چھپا نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آج جب حکومت کان کنی اور معدنیات کے شعبے میں شفافیت لانے کے لیے ملکی و بین الاقوامی کمپنیوں کو سرمایہ کاری کی دعوت دیتی ہے تو وہی عناصر شور مچاتے ہیں کہ صوبے کے وسائل بیچے جا رہے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ صوبے کے وسائل ہرگز فروخت نہیں کیے جا رہے بلکہ کسی بھی منصوبے میں سب سے پہلے مقامی آبادی کے مفادات اور حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جائے گا، جبکہ آج چیخ و پکار کرنے والے دراصل وہی لوگ ہیں جنہوں نے خود اس صوبے کے وسائل کو لوٹا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:ڈگری یافتہ نوجوان بے روزگار، فضل الرحمان کے بھائی بغیر ڈگری کے کمشنر تعینات؛ سول سروس کے قوانین کی دھجیاں اڑا دی گئیں

سونے کی غیر قانونی کان کنی کے حجم اور طریقہ کار سے پردہ اٹھاتے ہوئے فیصل کریم کنڈی نے انکشاف کیا کہ خیبر پختونخوا سے ماہانہ تقریباً 90 کلوگرام سونا غیر قانونی طور پر نکالا جا رہا ہے جس کی مالیت 4 ارب 20 کروڑ روپے بنتی ہے، جبکہ نکالے گئے اس سونے کا 80 فیصد حصہ افغانستان اسمگل کر کے قومی خزانے کو اربوں روپے کا نقصان پہنچایا جا رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس غیر قانونی سرگرمی میں دو ہزار سے زائد بھاری ایکسکیویٹرز استعمال ہو رہے ہیں اور ضلع کوہاٹ اس غیر قانونی کان کنی کا سب سے نمایاں مرکز بنا ہوا ہے۔

اس غیر قانونی مائننگ مافیا کی پشت پناہی کرنے والے سیاسی و بااثر کرداروں کے نام سامنے لاتے ہوئے گورنر خیبر پختونخوا نے کہا کہ اس نیٹ ورک میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما آفتاب عالم، شہریار آفریدی، سینیٹر خرم ذیشان، ساجد اقبال اور احسان شامل ہیں۔ اس کے علاوہ انہوں نے انکشاف کیا کہ مائننگ مافیا کی سرپرستی کرنے والوں میں پاکستان پیپلز پارٹی کے امجد آفریدی جبکہ جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سیٹھ گوہر سیف اللہ، نسیم آفریدی اور عماد اعظم بھی شامل ہیں۔

گورنر خیبر پختونخوا نے مزید تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ غیر قانونی کان کنی کے اس گٹھ جوڑ میں سابق وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کے بھائی نوید، سینیٹر خرم ذیشان کے قریبی رشتہ دار اظہر بخاری اور ان کے کوآرڈینیٹر نذیر آفریدی کے نام بھی سامنے آئے ہیں۔ سیاسی و عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ گورنر خیبر پختونخوا کی جانب سے سونے کی کان کنی کی متنازع لیز منسوخ کرنے کے اعلان اور مافیا کے سہولت کاروں کے نام بے نقاب کرنے کے بعد صوبے میں معدنیات کے شعبے میں ہونے والی اربوں روپے کی کرپشن کے خلاف بڑے پیمانے پر احتساب کی راہ ہموار ہو گئی ہے۔

Qaisar Mirza
editor

Related Articles