مولانا فضل الرحمان کے بھائی ضیاء الرحمان کی مبینہ طور پر پی ٹی سی ایل کے ایک عام ملازم سے ڈپٹی کمشنر (ڈی سی) کے عہدے پر تعیناتی اور 375 کنال اراضی کے مالک بننے کے معاملے پر لاہور کے شہریوں نے شدید ردعمل اور تشویش کا اظہار کیا ہے۔
آزاد ڈیجیٹل سے خصوصی گفتگو میں شہریوں کا کہنا ہے کہ ملک میں قانون کی بالادستی اور بلا امتیاز احتساب وقت کی اہم ترین ضرورت ہے ، فضل الرحمان ہو یا ضیاء الرحمان، کوئی بھی ہے، ان سے پوچھ تو لینی چاہیے نا۔ جن کو، ہر بندے سے پوچھا جاتا ہے، ہر بندے سے ٹیکس لیا جاتا ہے، چھوٹے سے لے کر بڑے تک کو پوچھا جاتا ہے، تو ان کو کیوں نہیں پوچھا جاتا؟ ان کو نہیں پوچھا جاتا تو اس لیے یہ کرپٹ ہیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ یہ دوہرا معیار اب مزید برداشت نہیں کیا جائے گا ، جہاں ایک طرف ایک عام محنت کش اور غریب ریڑھی والے کو معمولی روزگار کے لیے بھی کڑے اور ظالمانہ احتساب کی چکی میں پیسا جاتا ہے، وہیں سیاسی رسوخ رکھنے والے عناصر قانون کی آنکھوں میں دھول جھونک کر عیاشیاں کرتے ہیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ فضل الرحمان ہوں یا ان کا بھائی ضیاء الرحمان، کوئی بھی شخص ریاست، قانون یا جوابدہی سے بالاتر نہیں ہے، جب ملک کے چھوٹے سے لے کر بڑے شہری تک سے ایک ایک پائی کا حساب لیا جاتا ہے، تو ان سے پوچھ گچھ کیوں نہیں کی جاتی؟ عوام کا ماننا ہے کہ قانون کی اس مبینہ آنکھ مچولی کی وجہ سے ہی یہ عناصر کھلم کھلا کرپشن کے مرتکب ہوتے ہیں۔
شہریوں نے شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کوئی بھی شخص قانون سے بالاتر یا فرشتہ نہیں ہے، لہٰذا اس بات کی مکمل چھان بین ہونی چاہیے کہ ایک عام سرکاری ملازم کس ضابطے کے تحت اتنے بڑے عہدے پر فائز ہوا اور قلیل عرصے میں سینکڑوں کنال اراضی کیسے بنائی۔
عوام نے حکومت اور متعلقہ احتسابی اداروں سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ اس پورے معاملے کی شفاف اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کر کے حقائق کو عوام کے سامنے لایا جائے تاکہ ملک میں یکساں قانون کی عملداری یقینی بنائی جا سکے۔