دنیا کی بااثر ترین مسلم شخصیات کی نئی درجہ بندی میں پاکستان کی سیاسی اور عسکری قیادت نے نمایاں مقام حاصل کرلیا ہے۔ حکمرانوں اور سیاستدانوں کی کیٹیگری میں وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کو سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز، ولی عہد محمد بن سلمان اور ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان کے ساتھ مشترکہ طور پر پہلی پوزیشن دی گئی ہے۔
درجہ بندی میں ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ مجتبیٰ خامنہ ای چوتھے، امیر قطر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی پانچویں، اردن کے شاہ عبداللہ دوم چھٹے اور متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان ساتویں نمبر پر ہیں۔
ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم آٹھویں، مراکش کے بادشاہ محمد ششم نویں اور انڈونیشیا کے صدر پرابوو سوبیانتو دسویں نمبر پر موجود ہیں، جبکہ یمن کی حوثی تحریک کے سربراہ عبدالملک الحوثی گیارہویں پوزیشن پر ہیں۔
دیگر نمایاں شخصیات میں ترکیہ کے انٹیلی جنس چیف ابراہیم قالن بارہویں، مصری صدر عبدالفتاح السیسی تیرہویں، برکینا فاسو کے عبوری صدر ابراہیم تراورے چودہویں اور تنزانیہ کی صدر سامیہ سلوہو حسن پندرہویں نمبر پر شامل ہیں۔
فہرست میں عراق کے مقتدیٰ الصدر سولہویں، تیونس کے راشد الغنوشی سترہویں، ازبکستان کے صدر شوکت مرزیایوف اٹھارہویں اور طالبان کے سربراہ ملا ہیبت اللہ اخوندزادہ انیسویں نمبر پر ہیں۔ فلسطینی صدر محمود عباس بیسویں، شام کے صدر احمد الشرع اکیسویں اور امریکی سیاستدان ظہران ممدانی بائیسویں نمبر پر موجود ہیں۔
پاکستان کے سابق وزیراعظم عمران خان کو حکمرانوں اور سیاستدانوں کی کیٹیگری میں 24ویں پوزیشن دی گئی ہے، جبکہ لندن کے میئر سر صادق خان 25ویں نمبر پر شامل ہیں۔
مرتبین نے بااثر مسلم شخصیات کو مختلف شعبوں میں ان کے کردار کے مطابق تین بڑے زمروں میں تقسیم کیا ہے، جن میں حکمران اور سیاستدان، علماء و مذہبی شخصیات، جبکہ سماجی مسائل، سائنس، فن و ثقافت، میڈیا اور کھیل سے وابستہ شخصیات شامل ہیں۔
یہ درجہ بندی عالمی سطح پر پاکستان کی سیاسی و عسکری قیادت کی نمایاں موجودگی کے ساتھ پاکستانی شخصیات کے مختلف شعبوں میں اثر و رسوخ کو بھی اجاگر کرتی ہے۔