موٹروے پر سفر کرنے والے خبردار! ایم 4 کے کئی حصوں پر ٹریفک روک دی گئی، وجہ بھی سامنے آگئی

موٹروے پر سفر کرنے والے خبردار! ایم 4 کے کئی حصوں پر ٹریفک روک دی گئی، وجہ بھی سامنے آگئی

 پنجاب میں شدید دھند کے باعث موٹروے ایم 4 کے مختلف سیکشنز ٹریفک کے لیے بند کردیے گئے ہیں۔ حدِ نگاہ متاثر ہونے کے پیش نظر موٹروے پولیس نے مسافروں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے ٹریفک کی آمدورفت روک دی اور شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے۔

ترجمان موٹروے پولیس سینٹرل ریجن کے مطابق شدید دھند کے باعث موٹروے ایم 4 کو پنڈی بھٹیاں سے عبدالحکیم اور عبدالحکیم سے شورکوٹ تک ٹریفک کے لیے بند کیا گیا ہے۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ موٹروے کے مختلف حصوں کی بندش کا مقصد دھند کے دوران ممکنہ حادثات سے بچاؤ اور مسافروں کی حفاظت یقینی بنانا ہے۔ شہری دھند کی شدت کے دوران غیر ضروری سفر سے اجتناب کریں اور اگر سفر ناگزیر ہو تو دن کی روشنی میں سفر کو ترجیح دیں۔

 یہ بھی پڑھیں :چار سدہ اور ہزارہ موٹر وے ٹریفک سے متعلق پولیس کی ہنگامی ٹریفک ایڈوائزری جاری

موٹروے پولیس نے مسافروں کو خاص طور پر صبح 10 بجے سے شام 6 بجے کے درمیان سفر کرنے کا مشورہ دیا ہے۔ ترجمان کے مطابق دھند کے موسم میں یہ اوقات سفر کے لیے نسبتاً زیادہ محفوظ رہتے ہیں۔

دورانِ سفر ڈرائیورز کو ہدایت کی گئی ہے کہ گاڑی کی رفتار کم رکھیں اور آگے چلنے والی گاڑی سے مناسب فاصلہ برقرار رکھیں۔ لین کی پابندی کریں اور غیر ضروری اوورٹیکنگ سے مکمل گریز کریں۔

موٹروے پولیس نے اچانک بریک لگانے سے بھی منع کیا ہے کیونکہ دھند میں حدِ نگاہ کم ہونے کے باعث پیچھے آنے والی گاڑیوں کے لیے بروقت ردعمل دینا مشکل ہوسکتا ہے۔

 یہ بھی پڑھیں ؛شدید دھند، موٹر وے بند، سفر کرنے والوں کے لیے انتباہ جاری

ترجمان نے ڈرائیورز کو فوگ لائٹس استعمال کرنے کے ساتھ گاڑی کی ہیڈ لائٹس، بیک لائٹس اور وائپرز درست حالت میں رکھنے کی ہدایت بھی کی ہے۔

موٹروے پولیس نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ سفر سے پہلے موٹروے کی تازہ ترین صورتحال معلوم کریں اور حفاظتی ہدایات پر عمل کریں تاکہ دھند کے موسم میں کسی ناخوشگوار حادثے سے بچا جاسکے۔

editor

Related Articles