سینڈ پیپر اسکینڈل میں کون کون شامل تھا؟ سابق آسٹریلوی بولر نے برسوں بعد خاموشی توڑ دی، بڑا انکشاف

سینڈ پیپر اسکینڈل میں کون کون شامل تھا؟ سابق آسٹریلوی بولر نے برسوں بعد خاموشی توڑ دی، بڑا انکشاف

  آسٹریلوی کرکٹ کے 2018 کے بدنام زمانہ بال ٹیمپرنگ اسکینڈل سے متعلق ایک مرتبہ پھر اہم انکشاف سامنے آگیا ہے۔ سابق آسٹریلوی فاسٹ بولر چیڈ سئیر نے دعویٰ کیا ہے کہ جنوبی افریقا کے دورے کے دوران ٹیم کے تمام کھلاڑی سینڈ پیپر کے استعمال سے آگاہ تھے اور ڈریسنگ روم میں بھی اس معاملے پر گفتگو ہوتی رہی تھی۔

چیڈ سئیر 2018 میں جنوبی افریقا کے دورے پر آسٹریلوی اسکواڈ کا حصہ تھے۔ اسی دورے کے دوران انہوں نے اپنے کیریئر کا واحد ٹیسٹ میچ بھی کھیلا تھا۔

انہوں نے آسٹریلیا اور انگلینڈ کے درمیان ون ڈے سیریز کی کمنٹری کرتے ہوئے ماضی کے اس متنازع واقعے پر گفتگو کی۔ سابق فاسٹ بولر کا کہنا تھا کہ انہیں یہ تسلیم کرنے میں کوئی جھجک نہیں کہ وہ اور ان کے ساتھی کھلاڑی سینڈ پیپر کے استعمال سے واقف تھے۔

  انہوں نے کہا کہ  بال ٹیمپرنگ کے لیے سینڈ پیپر کا استعمال دو ٹیسٹ میچز میں کیا گیا تھا اور ٹیم کے ڈریسنگ روم میں بھی اس حوالے سے بات چیت ہوتی تھی۔
 انہوں نے واضح کیا کہ ان کا مقصد کسی کھلاڑی کی حمایت یا مخالفت کرنا نہیں بلکہ اس وقت پیش آنے والے واقعات بیان کرنا ہے۔

چیڈ سئیر نے کیپ ٹاؤن ٹیسٹ میں معاملہ سامنے آنے کے بعد کی صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ تقریباً ایک سے ڈیڑھ گھنٹے تک کھلاڑیوں کے درمیان گفتگو ہوتی رہی کہ اب اس معاملے پر آگے کیا کرنا چاہیے۔

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ایک مرتبہ فیلڈنگ کے دوران پانی کے وقفے پر واپس آنے کے بعد انہیں بھی سینڈ پیپر دیا گیا تھا تاکہ وہ اسے اپنے ساتھ لے جائیں۔ 

یہ انکشاف ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب سابق آسٹریلوی بیٹر عثمان خواجہ نے بھی اپنی کتاب میں 2018 کے بال ٹیمپرنگ اسکینڈل سے متعلق دعویٰ کیا تھا کہ ٹیم کے بیشتر کھلاڑی اس معاملے سے واقف تھے۔

عثمان خواجہ کے انکشافات پر آسٹریلوی فاسٹ بولرز پیٹ کمنز اور مچل اسٹارک نے اعتراض کیا تھا اور ان کے دعوے مسترد کردیے تھے، جبکہ ڈیوڈ وارنر نے خواجہ کے بیان کی تائید کی تھی۔

یاد رہے کہ مارچ 2018 میں جنوبی افریقا کے خلاف کیپ ٹاؤن ٹیسٹ کے دوران بال ٹیمپرنگ کا واقعہ منظر عام پر آیا تھا۔ اس اسکینڈل کے بعد آسٹریلوی کپتان اسٹیو اسمتھ، نائب کپتان ڈیوڈ وارنر اور بین کرافٹ کو پابندیوں کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

editor

Related Articles