سوشل میڈیا پر ایک غلط الزام انسانی زندگی کیلئے خطرہ بن سکتا ہے، صدر مملکت کا عالمی یومِ برداشت پر پیغام

سوشل میڈیا پر ایک غلط الزام انسانی زندگی کیلئے خطرہ بن سکتا ہے، صدر مملکت کا عالمی یومِ برداشت پر پیغام

صدر مملکت آصف علی زرداری نے عالمی یومِ برداشت کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ اسلام ہمدردی، انصاف اور انسانی وقار کے احترام کا درس دیتا ہے۔

 صدر مملکت نے کہا کہ برداشت، رواداری اور باہمی احترام کسی بھی پرامن معاشرے کی بنیادی اقدار ہیں۔ مختلف خیالات اور نظریات رکھنے والے افراد کے حقوق کا احترام کرنا اور اختلاف رائے کو مثبت انداز میں قبول کرنا معاشرتی ہم آہنگی کے فروغ کے لیے ضروری ہے۔

 یہ بھی پڑھیں :اختلافات کے باوجود دوسروں کا احترام ہی اصل برداشت ہے، شہباز شریف کا عالمی دن پر اہم پیغام

انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو نہ صرف عملی زندگی بلکہ آن لائن سرگرمیوں میں بھی ذمہ داری اور احترام کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔

سوشل میڈیا پر غیر محتاط الزام تراشی اور نفرت انگیز پیغامات کے نتائج انتہائی سنگین ہوسکتے ہیں اور ایسے اقدامات انسانی زندگیوں کے لیے خطرہ بن سکتے ہیں۔

صدر آصف علی زرداری نے اس بات پر زور دیا کہ ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر اظہار خیال کرتے ہوئے دوسروں کی عزت، وقار اور بنیادی حقوق کو ملحوظ خاطر رکھا جائے۔

 اختلاف رائے کو نفرت اور اشتعال انگیزی میں تبدیل کرنے کے بجائے برداشت اور مکالمے کی روایت کو فروغ دینا چاہیے۔

 یہ بھی پڑھیں :آصف علی زرداری نے غیر ملکی دورے کے اخراجات خود برداشت کیے، ایوان صدر

صدر مملکت نے عوامی اداروں کی ذمہ داری پر بھی زور دیتے ہوئے کہا کہ امتیازی سلوک اور تشدد پر اکسانے والے اقدامات کے خلاف سختی سے کارروائی کی جانی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ تمام شہریوں کو قانون کے تحت برابر حقوق اور یکساں تحفظ فراہم کرنا ضروری ہے۔ معاشرے میں انصاف، ہمدردی اور انسانی وقار کے احترام کو یقینی بنا کر ہی امن، رواداری اور باہمی اعتماد کی فضا قائم کی جاسکتی ہے۔

editor

Related Articles