پاکستانی فلم انڈسٹری کی معروف اداکارہ لیلیٰ نے اپنی نجی زندگی اور پہلی محبت سے متعلق اہم انکشافات کرتے ہوئے بتایا ہے کہ احسن خان کے بعد انہیں کبھی کسی سے دوبارہ محبت نہیں ہوئی۔
پوڈکاسٹ ’ان فلٹرڈ ود متھیرا‘ میں گفتگو کرتے ہوئے لیلیٰ نے بتایا کہ انہیں زندگی میں صرف ایک بار سچی محبت ہوئی تھی اور یہ ان کی نوجوانی کا زمانہ تھا، جب وہ اداکار احسن خان کو پسند کرتی تھیں۔
اداکارہ کے مطابق اس وقت دونوں کی عمریں صرف 17 سال تھیں، لیکن بعد میں حالات ایسے بدلے کہ دونوں کی راہیں جدا ہوگئیں۔ لیلیٰ نے احسن خان کی شخصیت اور مثبت رویے کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ آج بھی انہیں بہت عزت اور احترام کی نگاہ سے دیکھتی ہیں۔
انہوں نے اپنی زندگی کے ایک مشکل دور کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ جب وہ ذاتی صدموں اور نقصانات سے گزر رہی تھیں تو ان کے کئی قریبی دوستوں نے بھی ان کا ساتھ چھوڑ دیا تھا، لیکن احسن خان ان چند لوگوں میں شامل تھے جو اس مشکل وقت میں ان کے ساتھ کھڑے رہے۔
اداکارہ کے مطابق احسن خان مسلسل ان کا حال احوال پوچھتے، فون کرتے اور انہیں حوصلہ دیتے تھے۔ ان کی فون کالز لیلیٰ کے لیے بہت اہمیت رکھتی تھیں۔
لیلیٰ نے اعتراف کیا کہ احسن خان کے بعد انہیں کبھی کسی کے لیے ویسے جذبات محسوس نہیں ہوئے اور نہ ہی دوبارہ پہلی محبت جیسی شدت ان کی زندگی میں واپس آئی۔
پوڈکاسٹ کے دوران لیلیٰ نے اپنی شادی کے حوالے سے بھی بات کی۔ ان کا کہنا تھا کہ مسلسل ذاتی مشکلات، صدموں اور خاندانی ذمہ داریوں نے انہیں اس قدر مصروف رکھا کہ انہیں اپنی شادی کے بارے میں سوچنے کا موقع ہی نہیں ملا۔
واضح رہے کہ لیلیٰ پاکستانی فلم انڈسٹری میں اپنی اداکاری کے باعث پہچانی جاتی ہیں۔ انہوں نے حال ہی میں اے آر وائی ڈیجیٹل کے شو ’تماشا‘ سیزن 5 میں بھی بطور امیدوار شرکت کی تھی۔